• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: دانش کی ماردھاڑ، کراچی پلے آف میں پہنچ گیا قلندرز آؤٹ

ابوظبی (جنگ نیوز) نوجوان دانش عزیز نے کوئٹہ کے خلاف ایک اوور میں ریکارڈ33 رنز بناکرکراچی کنگزکو پاکستان سپر لیگ سکس میں اہم کامیابی دلوادی۔دفاعی چیمپئن اپنے آخری گروپ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ۔ اس کے ساتھ ہی گذشتہ برس فائنل کھیلنے والی لاہورقلندرز کا پاکستان سپر لیگ میں سفر ختم ہوگیا۔اس سے قبل کوئٹہ کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔کوئٹہ کو دس میں آٹھ میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی نے پلے آف کے لئے کوالی فائی کیا ہے۔13 گیندوں پر 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے پر دانش عزیز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 177 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 162 رنز بناسکی۔ کپتان سرفراز احمد کے 33 گیندوں پر 51رنز فتح دلانے کیلئے ناکافی رہے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ابوظبی میں اپنی ٹیم کی واحد نصف سنچری بنائی۔ ویلڈر متھ 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جیک ویدر الڈ 25، صائم ایوب 19، عثمان خان 15، اعظم خان 15، حسان خان 24 اور عبدالناصر صفر پرآؤٹ ہوئے۔ محمد الیاس نے 3 جبکہ ارشد اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔شرجیل خان نے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 45 اور بابر اعظم نے 23 رنز بنائے۔ انہیںپویلین لوٹاکرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دباؤ بڑھا دیا۔ مارٹن گپٹل 5، نجیب اللہ 12 اور عماد وسیم کو 3 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان اسپنر عارش علی خان نے 4 شکار کیے۔تاہم اننگز کے آخری لمحات میں دانش عزیز کی 13 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز نے کراچی کنگز کا مجموعہ 170 کے پار پہنچا دیا۔چیڈوک والٹن 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ خرم شہزاد اور عبدالناصر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین