جدت سے بھر پور اس دور میں ماہرین حیران کن چیز یں تیار کررہے ہیں ۔اس ضمن میں طاقتور فلٹر کے ساتھ دنیا کا پہلا جگ بنایا گیا ہے ،جس سے اضافی واٹر فلٹر کی ضرورت نہیں رہے گی ۔اسے’’ ایل اے آرکیو‘‘ فلٹر کا نام دیا گیا ہے۔ اس جگ کے اوپری حصے میں کئی اقسام کے فلٹر لگے ہیں جو فوری طور پر سیسے، کلورین، پارے اور نامیاتی آلودگیاں صاف کردیتا ہے۔ اس میں نئی ٹیکنالوجی ’’پیوروِز‘‘ استعمال کی گئی ہے۔
اس جگ میں اوپر کی جانب پودوں سے کشید کردہ کاربن فلٹر لگا ہے جو پانی میں موجود سیسے، پارے، کلورین اور خردنامیوں کو صاف کرتا ہے۔ اس عمل میں پانی کا ذائقہ بھی بہتر ہوجاتا ہے۔
دوسرے مرحلے میں پیوروز ٹیکنالوجی اپنا کام کرتی ہے۔جگ میں موجود یہ الٹراوائلٹ فلٹر ہے ،جس سے پانی گزرتے ہوئے مزید صاف ہوجاتا ہے۔ اس مرحلے میں یہ سخت جان بیکٹیریا، پھپھوند اور وائرسوں کو ختم کردیتا ہے۔
جگ ایک مرتبہ یو ایس بی سے چارج ہونے کے بعد بہت دیر تک چلتا رہتا ہے۔فلٹر پرانا ہونے پر اس کا خودکار نظام آپ کو اطلاع دےدیتا ہے کہ اب اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے ایک فلٹر کی قیمت 99 ڈالررکھی گئی ہے۔