• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خراب کارکردگی کے باوجود بھی پاکستان کے میچز کی ویور شپ میں اضافہ کیسے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے خراب کارکردگی کے باوجود پاکستان کے میچز کی ویور شپ میں اضافہ ہونے کی وجہ بتا دی۔

’جیو نیوز‘ کے مشہور پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک خاتون نے محمد عامر اور احمد شہزاد سے یہ سوال پوچھا کہ گزشتہ چند سال سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکاردگی کچھ زیادہ اچھی نہیں رہی لیکن اس کے باوجود بھی پاکستان کے میچز کی ویور شپ میں اضافہ کیسے ہو رہا ہے؟

محمد عامر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیکھیں، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اس ملک کے لوگ کرکٹرز سے محبت کرتے ہوں یا نہ کرتے ہوں لیکن کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں، پی ایس ایل کا میچ چل رہا ہو یا قومی ٹیم کا کوئی میچ ہو، پاکستانی شائقینِ کرکٹ ویرات کوہلی کے نام والی جرسی پہن کر بھی میچ دیکھتے پائے گئے ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ ویور شپ بڑھنے کی ایک اور وجہ سوشل میڈیا اور دیگر بہت ساری ایپس بھی ہیں۔

محمد عامر نے کہا کہ ایک بندہ کہیں اگر کچھ وقت کے لیے فارغ بیٹھا ہو گا تو فوراً اپنے فون پر ہی میچ دیکھنا شروع ہو جائے گا تو لوگوں کے دلوں میں کرکٹ کے لیے محبت ہے، وہ کرکٹرز کی خراب کارکردگی کی وجہ سے کم تھوڑی ہو گی۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور پاکستانی ہم اس امید میں بھی میچ دیکھ لیتے ہیں کہ کیا پتہ اس میچ میں ہماری ٹیم اچھا کھیلے اور ہم جیت جائیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید