• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان کاکڑ کی وفات، انجمن تاجران کا بدھ کو شٹرڈائون اور 3 روزہ سوگ کا اعلان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی وفات پر بدھ کو شٹرڈاون اور 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ اس بات کا اعلان مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے پیرکو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر حضرت علی اچکزئی، میر یٰسین مینگل، سیدعبدالخالق آغا دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ، قوموں کی برابری اور تاجر برادری کے مسائل سیاسی و شعوری بیداری کیلئے عثمان خان کاکڑ کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ انہوں نے سینٹ آف پاکستان میں مظلوم اقوام کے ساتھ تاجر برادری کی بھر پور نمائندگی کی ان کی وفات سے مظلوم اقوام اور تاجربرادری ایک بہترین لیڈر سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خان کاکڑ کی شہادت سے بلوچستان میں غم پایا جاتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبرجمیل اور اس صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خان کاکڑکی شہادت کے سوگ میں بدھ 23 جون کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاون اور تین روزہ سوگ منایا جائے گا۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ بدھ کوا پنا کاروبار بند رکھیں اور عثمان خان کاکڑکے جنازے میں بھر پورشرکت کریں۔
تازہ ترین