چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان آج سے نہیں پہلے دن سے بزدل ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی دہشت گرد کو دہشت گرد نہیں کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین تو آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور حملے کے ذمے دار احسان اللّٰہ کو دہشت گرد کہنے کو تیار نہیں ہیں۔
پی پی چیئرمین نے سوال اٹھایا کہ کیا عمران خان کو نہیں پتہ کہ اسامہ نے دنیا بھر اور پاکستان میں دہشت گردی کرانے میں کردار ادا کیا؟
اُن کا کہنا تھاکہ اگر اسامہ بن لادن دہشت گرد نہیں تو پھر دہشت گرد کون ہے؟ وزیر خارجہ اگر اسامہ پر بات نہیں کرسکتا تو اس کا خارجہ پالیسی پر اثر پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو عوام سے اس معاملے میں معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس سے متعلق ریمارکس کو بھی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ اس بات سے لگے گا جس سے ناانصافی ہوئی قصور اسی کا تھا، کپڑوں کا ریپ یا زیادتی سے کوئی تعلق نہیں۔