پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے بلاول بھٹو کے پی ٹی آئی کے موقف کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے اراکین قومی اسمبلی کے اجلاس میں عاطف خان ، سلیم الرحمان ، اسد قیصر و دیگر نے شرکت کی ۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے بلاول بھٹو زرداری سے قومی اسمبلی میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے حق میں ووٹ نہ دینے کا مطالبہ کردیا۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے بانی چیئرمین کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی مؤقف کی حمایت کا خیرمقدم کیا ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ گرفتار منتخب نمائندوں کو عدالتوں میں پیش کرکے دفاع کا حق دیا جائے، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گرفتار منتخب نمائندوں کو متعلقہ عدالتوں میں پیش کرکے دفاع کا حق دیا جائے، پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں، کارکنوں کے مقدمات میرٹ پر چلائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف سیاسی انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں، منتخب نمائندوں اور سیاسی کارکنوں کو غیرقانونی طور پر غائب کرنا جمہوری اقدار کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کرنا اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنا آئین کیخلاف ورزی ہے، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو فوری عدالت میں پیش کیا جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالج، اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت دی جائے، سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی، جنید اکبر اور گرفتار رہنماؤں کو منظر عام پر لایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جواز بنا کر خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ مسترد کرتے ہیں، صوبے میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد، صوبائی حکومت و سیاسی جماعتوں کی منظور کردہ قرارداد پر عمل کیا جائے، گورنر راج اور ایمرجنسی سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کےلیے 160 ارب روپے کا وعدہ پورا کرنے کے بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کی، خیبر پختونخوا کو آئینی و مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
اسد قیصر نے دوران گفتگو بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے اور علیمہ خان کی فوری رہائی کے مطالبے کیے۔