• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی حکومت ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کیلئے خطیر رقوم خرچ کررہی ہے، عاطف خان

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے، شفافیت اور شہریوں کو آسان خدمات کی فراہمی کیلئے محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 14ارب کے مختلف بڑے منصوبے شامل ہیں ان کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے،معاشی ترقی،ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے نوجوانوں کو متعارف کرانے کیلئے حطیر رقوم خرچ کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا۔ عاطف خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع بشمول نئے ضم شدہ اضلاع میں 2.7ارب روپے کی لاگت سے شہری سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے جن سے شہریوں کو ڈومیسائل، پیدائش، موت، شادی،طلاق نامہ، اسلحہ، ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کے اندراجات جیسی بنیادی خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوسکے گی۔عاطف خان کا کہنا تھا کہ مردان شنکرمیں 742ملین روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل اکانومی اور اسکل سنٹر کے قیام سمیت مردان میں 2000کنال پر محیط اسپیشل ٹیکنالوجی زون، ہری پور میں ایک 1.3ارب روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل سٹی ہری پور بنائے جائیں گے ۔
پشاور سے مزید