• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ،عالم زیب ایڈوکیٹ

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی سرپرست اعلیٰ بابائے وکلا عالم زیب خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمرانوں کی نااہلی نالائقی اور لوٹ مار سے ملک بدترین معاشی بحران سے دو چار ہو چکا ہے حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں آئین و قانون کی حکمرانی اور عوام کی بالادستی ہی سے ملک کو بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔ میاں محمد نواز شریف کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ پوری قوم کا نعرہ بن چکا ہے جبکہ وکلا نے بھی آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے مسلم لیگ لائرز فورم کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ عالم زیب خان ایڈوکیٹ نے وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں چاروں صوبوں میں سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال ترقیاتی منصوبوں جھوٹے اعلانات اور لوگوں کو نوکریاں دینے کا جھانسہ دینے کے باوجود حکمران جماعت کی عبرتناک شکست سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام نے ملک کو مزید تباہی سے بچایا۔اور مہنگائی سے نجات کے لئے نااہل نالائق اور کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کا تہیہ کر لیا ہے اگر حکمرانوں کو ڈھیل دی گئی تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا اور قومی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی ۔
پشاور سے مزید