• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں گیس بحران پیدا کرکے صنعتی عمل کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، امتیاز شیخ

سندھ کے وزیرِ توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں گیس بحران پیدا کرکے صنعتی عمل کو شدید نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کی پالیسیاں ناکامی کا شکار ہیں۔ اسی لئے اثاثے گروی رکھے جارہے ہیں، سندھ میں گیس بحران سے ہزاروں محنت کش بے روزگار ہورہے ہیں۔ 

جمعرات کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناکام معاشی و انتظامی پالیسیوں کے سبب سندھ میں معاشی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔ سندھ کے پانی کی بندش سے سندھ کی زراعت کو نقصان پہنچایا گیا۔ 

انھوں نے کہا کہ سندھ کے حصے کی گیس کی بندش سے سندھ کی صنعتوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے اور یہ سب جان بوجھ کر کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہر فورم پر سندھ کے مسائل کی نشاندہی کررہے ہیں جس سے وفاقی حکومت پریشانی کا شکار ہے اور چونکہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کی اہلیت کا حامل کسی اور صوبے کا وزیرِ اعلیٰ نہیں، لہٰذا سندھ حکومت کی کارکردگی پر اثر انداز ہونے کے لئے سندھ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ کو اپنی گیس پیداوار کا آئینی حق نہیں دیا جارہا یہ بھی ایک بہت بڑی آئینی خلاف ورزی ہے۔ بہتر ہوگا کہ وفاقی حکومت اپنی پالیسیوں کو درست کرے۔

تازہ ترین