پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ ملتان سلطانز ہی پاکستان سپُر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مستحق تھی۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے ملتان سلطانز کی پشاور زلمی سے تاریخی جیت پر مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں فرنچائز اور ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔
فیصل جاوید خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 6 کے پورے سیزن میں سُپر پرفارمنس دی اور یہ ٹیم واقعی اس عنوان کی مستحق تھی جو اُنہیں مل گیا ہے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’محمد رضوان کی کپتانی بہت عُمدہ تھی اور ساتھ ہی پوری ٹیم کی پرفارمنس بھی شاندار تھی۔‘
پی ٹی آئی رہنما نے ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’ویلڈن! آپ نے اپنی ٹیم کی بہترین حوصلہ افزائی کی۔‘
فیصل جاوید خان نے پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فتح کا تاج اپنے سر سجایا۔
ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 159رنز بناسکی۔