• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان نے پشاور کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 159رنز بناسکی، پشاور کی جانب سے سب سے نمایاں کھلاڑی شعیب ملک رہے۔ جنہوں نے 28 گیندوں پر 48 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

کامران اکمل، رومین پاول اور شیرفین ردرفورڈ نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، جنہوں نے بالترتیب 36 ،23 اور 18 رنز بنائے۔

ایک موقع پر میچ دلچسپ ہو گیا تھا مگر عمران طاہر نے 17ویں اوور میں 2 رنز دے کر شیرفین ردرفورڈ، کپتان وہاب ریاض اور محمد عمران کی وکٹ حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے 3، عمران خان اور بلیسنگ موزاربانی نے 2 ،2 جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے فائنل میں مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے۔

ملتان کی جانب سے صہیب مقصود اور رایلی روسو نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ رایلی روسونے 21 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ موجود صہیب مقصود نے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے 35 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

پشاور زلمی کی طرف سے سمین گل 22 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر کامیاب بولر رہے، ان کے علاوہ محمد عمران کو بھی 2 وکٹیں ملیں تاہم انھوں نے اپنے 4 اوورز کے کوٹہ میں 47 رنزدیے۔ 

تازہ ترین