چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ الیکشن میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے، آپ پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے تو ہم آپ کے مسائل حل کریں گے، ہم مودی کو بھی بھگائیں گے اور عمران کو بھی بھگائیں گے۔
جلال آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پیپلز پارٹی کے مشکل وقت میں کشمیری ہمارے ساتھ تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں کشمیر کے عوام کو لاوارث نہیں دیکھ سکتا، موجودہ حکومت کا کشمیر سے متعلق رویہ دیکھتا ہوں تو افسوس ہوتا ہے، کشمیر کے عوام نے بھٹو کا ساتھ دیا تھا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوامی حکومت بنائیں جو مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دے سکے، آج عوام مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا کررہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی ہے، چاہے کشمیری مقبوضہ کشمیر میں ہوں یا آزاد کشمیر میں، مشکلات سے نجات کے لئے آپ کو پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مودی کا مقابلہ کررہے ہیں، یہاں کے کشمیری عمران خان کی مہنگائی کا مقابلہ کررہے ہیں۔