• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرین حادثے میں والدین کو کھودینے والی 12 سالہ کائنات کا علاج سندھ حکومت کروائے گی


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والی 12 سالہ بچی کی تکالیف کا نوٹس لیتے ہوئے اس کا علاج سندھ حکومت کو کروانے کا حکم دے دیا ہے، کائنات کے والد، ماں، بھائی اور رشتے دار گھوٹکی ٹرین حادثے میں انتقال کرگئے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی کی 12 سالہ کائنات کے حوالے سے سوشل میڈیا کی رپورٹ کا نوٹس لیا اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کرکے کراچی کی 12 سالہ بچی کائنات کا آغا خان اسپتال میں علاج کروانے کی ہدایت کی ہے۔

کائنات کے والد، ماں، بھائی اور رشتے دار گھوٹکی ٹرین حادثے میں انتقال کرگئے تھے، حادثے میں بچی شدید زخمی ہوئی ہے،  جبکہ اس کی ٹانگیں اور ایک بازو ٹوٹ گیا، کائنات ریلوے کے  اسپتال میں زیر علاج تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کائنات کا علاج سندھ حکومت کے خرچے پر ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ صحت سندھ کائنات کو آغا خان اسپتال منتقل کردیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایت پر کائنات کا سندھ حکومت ہر طرح سے خیال رکھے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کائنات ہماری بچی ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

تازہ ترین