تہران ( نیوز ڈیسک) ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے تہران کی میڈیا کی ویب سائٹس پرقبضہ ویانا میں جاری مذاکرات کے تناظر میں کوئی تعمیری اقدام نہیں تھا۔ واشنگٹن کی اوچھی حرکتوں کی وجہ سے بات چیت پر برا اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ ایرانی صدر کے دفتر کے ڈائریکٹرمحمود واعظی نے کوصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکا کی غلط اورگم راہ کن پالیسی کی مذمت کے ساتھ اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں گے۔ ایسے وقت میں کہ جب جوہری معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں، اس اقدام کو تعمیری قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یاد رہے کہ امریکا نے منگل کے روز ایران کے رڈیو اور ٹیلی وژن کی 33 ویب سائٹوں اور تہران کی حمایت یافتہ کتائب حزب اللہ ملیشیا کی 3ویب سائٹوں کو ضبط کر لیا تھا۔ اس کے علاوہ امریکا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایران کے پریس ٹی وی اور العالم کی ویب سائٹس اور یمن میں حوثی ملیشیا کے زیرانتظام مسیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ کا کنٹرول بھی اپنے ہاتھ میں لے کر ان کے صفحہ اوّل پر اپنا بیان پوسٹ کردیا تھا۔ بیان میں ایران کے خلاف امریکا کی عائد کردہ پابندیوں کے قوانین کا حوالہ دیا گیا تھا۔