لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی توانائی اور ایل این جی کے شعبے میں نااہلی اور کرپشن مثالی ہے ،حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے قوم کو باربار توانائی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ دیکھنا پڑ رہی ہے،پورے پاکستان میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے،کراچی خاص طورپر گیس سے محروم ہے، جب پلانٹس بند ہوں گے تو برآمدکنندگان کیسے اپنے اہداف پورے کرینگے؟ معیشت کیسے چلے گی؟توانائی کے شعبے میں پی ٹی آئی حکومت کی ہوس، نااہلی اور کرپشن کو شرمناک ہی کہا جا سکتا ہے۔ ایک بیان میں شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف دور میں عوام اور صنعت کو بلا تعطل بجلی اور گیس کی فراہمی کا پورا نظام تشکیل دیا گیا۔گزشتہ سال کورونا وبا کے عروج کے وقت حکومت کو چار ڈالر ایم ایم بی ٹی یو سے کم قیمت پر گیس کی پیشکش ہوئی ۔حکومت نے اس کم قیمت پر گیس خریدنے سے انکار کردیا۔ سردیوں میں دوگنا قیمت پر وہی گیس خریدی گئی۔ سردیوں میں حکومت نے قوم سے جھوٹ بولا کہ کم مدتی معاہدے دستیاب نہیں ،حکومتی دعوے عقل میں نہ آنی والی بات تھی، ملک کو خام تیل اور گیس پر 20 فیصد زیادہ ادائیگیاں کرنا پڑیں ۔انہوں ے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور میں پی ٹی آئی کے مقابلے میں گیس خریداری کے 80 فیصد سستے معاہدے کئے گئے۔