• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھیکیدار کی خدمات کیوں حاصل کرنا چاہئیں؟

انسان اپنا گھر بنانے کا خواب دیکھتا ہے اور جب اس کو حقیقت کا رُوپ دینے کا وقت آتا ہے تو اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے خوابوں کا گھر ضروریاتِ زندگی اور آسائشوں کا بہترین امتزاج پیش کرے۔ تاہم، اس کے لیے ضروری ہے کہ نقشہ سازی سے لے کر مکان کی تعمیر تک ہر ایک مرحلے پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ آپ کو جیسے گھر کی خواہش ہے، ویسا ہی وہ تعمیر کے بعد نظر آئے۔ اگر آپ تعمیراتی عمل سے واقفیت نہیں رکھتے تو بہتر ہے کہ آپ کسی تجربے کارٹھیکیدار کی خدمات حاصل کریں تاکہ وہ پائیدار تعمیراتی مواد استعمال کرتے ہوئےنقشہ کے مطابق گھر کی تعمیر یقینی بنائے۔

ٹھیکیدار کے حوالے سے عموماً ہمارے یہاں ایک سوچ یہ بھی پائی جاتی ہے کہ وہ زیادہ معاوضہ لیتے ہیں اور کام بھی تسلی بخش نہیں کرتے، لہٰذا یہ کام خود ہی کرلیا جائے تو بہتر ہے۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہر شعبے میں اچھے بُرے لوگ موجود ہوتے ہیں، اس لیے سب کو ایک ہی نظر سے دیکھنا مناسب نہیں۔ اگر آپ ٹھیکیدار کی جگہ اپنے گھر کی تعمیر کا کام خود کروانا چاہتے ہیں تو یہ بات ذہن میں رکھیں کہ آپ یہ کام پہلی بار سرانجام دیں گے جبکہ ٹھیکیدار کا یہ روز کا کام، جس کی وجہ سے اس کو اپنے کام میں مہارت ہوتی ہے اور وہ کام کی باریک بینی اور تکنیکی معاملات کو بہتر جانتا ہے۔

وہ جانتا ہے کہ کسی بھی مخصوص کام کے لیے مزدور کہاں دستیاب ہوں گے، ساتھ ہی وہ ان سے کام لینے کا بھی ماہر ہوتا ہے۔ عام آدمی کو دیواروں کی چنائی ، پلستر، شٹرنگ، سریے اور دیگر تعمیراتی مواد کے حوالے سے کوئی آئیڈیا نہیں ہوتا کیونکہ وہ کبھی تعمیراتی عمل کا حصہ نہیں رہا ہوتا۔ اگر تعمیراتی عمل اتنا ہی آسان ہوتا تو کسی کو ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ 

انسان بہت سے کام خود کرنے کے بجائے کسی دوسرے کی خدمات حاصل کرتا ہے، ایسا ہی معاملہ تعمیرات کے شعبے کا بھی ہے۔ لہٰذا، اگر آپ کا تعلق تعمیراتی شعبے سے نہیں ہے تو پھر گھر کی تعمیر کے لیے کسی ماہر ٹھیکیدار سے رابطہ کریں۔ کہیں ایسا نہ ہو کے چند پیسے بچانے کے چکر میں آپ زیادہ خرچ کر بیٹھیں اور کام بھی غیر معیاری ہو۔

قابل اور ایماندار ٹھیکیدار کی تلاش میں آپ مختلف ٹھیکیداروں سے بات کرکے اُن سے ریٹ معلوم کریں۔ جن ٹھیکیداروں کا ریٹ آپ کو اپنے بجٹ کے مطابق لگے تو ان سے بات کریں، ان کے پایہ تکمیل کو پہنچنے والے منصوبے دیکھیں اور اگر کوئی منصوبہ جاری ہے تو اس کا بھی وزٹ کریں۔ منصوبے دیکھ کر آپ کو ٹھیکیدار کے کام اور صلاحیت کا اندازہ ہوگا۔ 

تکمیل شدہ منصوبے کے مالکان سے ملیں اور ٹھیکیدار کے بارے معلوم کریں کہ وہ کام، رقم کی لین دین اور دیگر معاملات میں کیسا ہے۔ اگر ٹھیکیدار نے تنگ کیے بنا اچھی طرح کام سرانجام دیا ہے تو منصوبے کا مالک یقیناً اس کی تعریف کرے گا۔ ٹھیکیدار کاانتخاب اس کے ریٹ کو دیکھ کر نہیں بلکہ صلاحیتوں اور کام کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے تاکہ بہت سے مسائل اور وقت کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

ٹھیکے کی اقسام

ٹھیکیدار کو تعمیراتی عمل کا ٹھیکہ دینا سے پہلے آپ کو اس کی اقسام کے بارے میں معلومات ہونی چاہئیں تاکہ ٹھیکیدار سے بات کرنے میں آسانی ہو اور آپ بہتر شرائط پر اس سے معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔ ٹھیکہ دوطرح کا ہوتا ہے، ایک بمعہ مٹیریل اور دوسرا لیبر ریٹ۔

بمعہ مٹیریل: اس کی بھی دو مزید اقسام ہیں، ان میں سے ایک اسٹرکچر اور فنشنگ ہے۔ اس میں ٹھیکیدار طے کردہ معیار کے مطابق اینٹ، ریت، بجری، سریا وغیرہ کی خریداری خود کرکے تعمیراتی اسٹرکچر تیار کرکے دے دیگا جبکہ گھر کی فنشنگ کا کام خود مالک مکان کرتا ہے یا بعد میں کچھ عرصہ بعد کسی سے کروالیتا ہے۔ 

ٹھیکے کی یہ قسم ان لوگوں کے لیے سہولت کا باعث ہوتی جن کے پاس ایک ہی وقت میں گھر کی مکمل تعمیر کے وسائل نہیں ہوتے۔ وہ مجوزہ پلان کے تحت دو حصوں میں گھر کی تعمیر مکمل کرواتے ہیں۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگ اس پر محض اس لیے بھی عمل کرتے ہیں کیونکہ وہ تعمیرات پرزیادہ وقت نہیں دے سکتے۔

بمعہ مٹیریل کی دوسری قسم مکمل ٹھیکہ دینا ہے۔ اس میں ٹھیکیدار سے تمام کام سرانجام دینے کا معاہدہ کیا جاتا ہے۔ ٹھیکیدار گھر کی تعمیر مکمل کرکے چابی مالک مکان کے حوالے کردیتا ہے۔ ٹھیکے کی یہ قسم ان افراد کے لیے فائدہ مند ہے جو کسی دوسرے شہر یا بیرون ملک مقیم ہوں یا وہ خود جاکر تعمیراتی سائٹ اور مارکیٹ کا سروے نہ کرسکتے ہوں۔

لیبر ریٹ: یہ ٹھیکے کی دوسری قسم ہے، جس کی اپنی چار اقسام (آئٹم ریٹ، گرے اسٹرکچر، تیسی کانڈی اور چابی) ہیں۔ آئٹم ریٹ میں گھر تعمیر کروانے والا ہر کام کے لیے چھوٹے ٹھیکیداروں کو اجرت پر رکھتا اور انھیں کام سمجھاتا ہے۔ ساتھ ہی انھیں متعلقہ اوزار اور چیزیں بھی لےکر دے گا اور پھر ان سے کام لے گا۔ گرے اسٹرکچر میں ٹھیکیدار تعمیراتی ڈھانچے کو بنانے کی حد تک مزدور فراہم کرتا ہے جیسے کہ شٹرنگ ڈالنے والے مزدور، چنائی کرنے والے اور چھت کی بھرائی کرنے والے۔ 

ٹھیکیدار انھیں متعلقہ اوزار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے خود کام لیتا ہے۔ تیسی کانڈی میں گرے اسٹرکچر کے کام کے علاوہ ٹھیکیدار پلستر اور فرش کا کام کرنے کا بھی ذمہ دار ہوتا ہے۔ چابی میں تیسی کانڈی کے تمام کاموں کے علاوہ پلمبنگ، بجلی، لکڑی اور پینٹ وغیرہ کا کام بھی ٹھیکیدار کے ذمہ ہوتا ہے، تاہم ان کاموں کامٹیریل مالک خرید کر دیتا ہے۔

ٹھیکے کی اقسام کی لاگت

ٹھیکے کی دونوں اقسام میں سے ’بمعہ مٹیریل‘ نسبتاً مہنگا پڑتا ہے۔ تاہم، ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دینے کے بعد اسے تعمیراتی عمل کے دوران خود کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا جیسے کہ مزدوروں کی تلاش،تعمیراتی مواد خریدنا، متعلقہ سوسائٹی کے معاملات دیکھنا وغیرہ ۔ دوسری جانب لیبر ریٹ پر ٹھیکہ دینا مالک کو سستا پڑتا ہے مگر اس میں کئی کام اسے خود کرنا پڑتے ہیں، جس کی وجہ سے زیادہ وقت دینا پڑتا ہے۔

تازہ ترین