وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک میں جو جلوس اور جلسہ ہوتا ہے ہر کوئی چاہتا ہے کہ ڈی چوک جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ ان شاء اللہ 30 تاریخ کو کامیابی سے پاس ہوجائے گا
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 150 ایگل اسکواڈز اس وقت اسلام آباد میں گشت کررہے ہیں۔ ہم وفاقی دارالحکومت میں 1122 کا اجرا کرنے جارہے ہیں۔ 25 گاڑیوں پر مشتمل 1122 سروس کا جولائی میں آغاز کررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ لوگوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں، بہادر پولیس اہلکاروں کو اپنی جیب سے 25 ، 25 ہزار روپے انعام دیتا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹروں نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا ہے، اسی طرح پولیس، فوج اور حساس ادارے ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنےکے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر آدمی چاہتا ہے کہ ڈی چوک کی طرف آئے، ملک میں جو جلوس اور جلسہ ہوتا ہے، ہر کوئی چاہتا ہے ڈی چوک جائے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی لاہور، کوئٹہ، کراچی یا کسی دوسری جگہ نہیں جاتا، اس لیے اسلام آباد پولیس کی نفری بڑھانے جارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغان سرحد پر 88 فیصد باڑ لگادی ہے، پوری کوشش ہے کہ اس ماہ مکمل کرلیں، ایران میں 46 فیصد فینسنگ کرچکے ہیں، دسمبر تک مکمل ہوجائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم افغان طالبان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹی پی کو کام نہیں کرنے دیں گے۔