• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق نگراں وزیرِاعظم میر ہزار خان کھوسو کوئٹہ میں انتقال کر گئے

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی، جنگ رپورٹر )سابق نگراں وزیرِاعظم میر ہزار خان کھوسو طویل علالت کے بعد 92 برس کی عمر میں کوئٹہ میں انتقال کر گئے، مرحوم کی تدفین آبائی علاقے میں کر دی گئی۔میر ہزارخان کھوسو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، گورنر بلوچستان اور صوبائی چیئرمین زکوٰۃ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق میر ہزار خان کھوسو گزشتہ 1 ماہ سے شدید علیل تھے اور کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں گزشتہ روز صبح وہ دنیا سے رخصت ہو گئے ۔میر ہزار خان کھوسو وفاقی شرعی عدالت کے بطو ر چیف جسٹس خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ 2013 کے عام انتخابات کے دوران نگران وزیراعظم بھی رہے ۔میر ہزار خان کھوسو 30 ستمبر 1929 میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 25 مارچ 2013 سے 5 جون تک نگران وزیراعظم کی خدمات انجام دیں ، 2013 کے عام انتخابات کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جب نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا تو الیکشن کمیشن نے مداخلت کرتے ہوئے میر ہزار خان کھوسو کو یہ ذمہ داری سونپی، ان کے صاحبزادے امجد خان کھوسو نے 2013 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ ان کے دوسرے بیٹے مہراب خان کھوسو 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔

تازہ ترین