پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ ترکش ڈراموں کے پاکستان میں نشر ہونے سے ہماری انڈسٹری پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا ہے۔
حال ہی میں ہمایوں سعید نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کے ہمراہ صحافی وسیم بادامی کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جو کہ ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جاتا ہے۔
پروگرام کے دوران میزبان وسیم بادامی نے ہمایوں سعید سے سوال کیا کہ ’ترکش ڈراموں کی وجہ سے پاکستانی شوبز انڈسٹری متاثر ہوئی ہے؟ جس پر اداکار نے کہا کہ ’نہیں! ایسا کچھ نہیں ہے بلکہ ہمارے یہاں ترکش مواد آنا چاہیے۔‘
وسیم بادامی نے پوچھا کہ ’کہا جارہا ہے ترکش ڈراموں کی وجہ سے پاکستان کے کئی فنکار بےروزگار ہوگئے ہیں، کیا یہ بات درست ہے؟‘ جس پر ہمایوں سعید نے کہا کہ ’کوئی فنکار ایسے بےروزگار نہیں ہوتا ہے، ماشاءاللّہ! ہمارے یہاں بہت کام ہے۔‘
ہمایوں سعید نے کہا کہ ’پاکستان میں اتنے زیادہ ترکش مواد آئے گا ہی نہیں کہ جس سے ہمارا ٹیلنٹ یا انڈسٹری متاثر ہو۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ایک چینل پر ایک وقت پر صرف ترکش ڈرامے ہی نشر کیے جاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے کیونکہ وہ آخر کتنے اور کب تک بین الاقوامی مواد نشر کریں گے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی ترکش ڈرامہ یا کوئی بین الاقوامی مواد بہترین ہے تو اُسے پاکستان میں نشر ہونا چاہیے، اس سے ہمیں بھی فائدہ ہوگا اور وہاں کی انڈسٹری کو بھی ہوگا۔‘
ہمایوں سعید کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنا کام مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور بین الاقوامی مواد بھی پاکستان میں نشر کریں کیونکہ اس سے ہماری انڈسٹری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘
واضح رہے کہ عمران خان کی ہدایت پر معروف تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو سرکاری ٹی وی پر قومی زبان میں ڈب کر کے نشر کیا جارہا ہے جسے پاکستان میں خوب پزیرائی بھی مل رہی ہے۔