کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)مند میں پاک ایران سرحد پر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ،جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہو گئے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق کیچ کے علاقے مند میں پاک ایران سرحد پر گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کے اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ قریبی پہاڑی سے دہشت گردوں نے ان پر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کے جس کے نتیجے میں تین اہلکارر سپاہی حسین بخش، رضوان احمد اور شبیر احمد شدید زخمی ہو گئے دیگر جوانوں نے جرات اور بہادری کا مظاہر کرتے ہوئےجوابی کارروائی کی جس پر حملہ آور فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں سپاہی حسین بخش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک ایران سرحد کے ساتھ غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے آہنی باڑ لگائی گئی ہے ہیں جس کی حفاظت کیلئے سیکورٹی فورسزکی چوکیاں قائم ہیں۔