سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں مسلسل دوسرے روزڈرونز کی پروازیں، فوجی اڈے پر بھی حملوں کی کوشش ،افسران اور اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں، فائرنگ کے بعدڈرونز بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ڈ رونز کی پروازوں کے بعد جموں میں بڑا سرچ آپریشن شروع جبکہ پلوامہ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے اسپیشل پولیس افسر بیوی اور بیٹی سمیت قتل کردیاگیا، دوسری جانب سرینگر سے دہلی جانے والے بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار کے سامان سے انساس رائفل کی کئی گولیاں برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جموں ایئرپورٹ پربھارتی فضائی اڈے پر ڈرون حملوں کے بعد گزشتہ رات جموں آرمی بیس پر بھی ڈ رونز نے پرواز کی ہیں ۔حکام کے مطابق رتنو چک کالوچک آرمی بیس کے قریب دو ڈرونز کو دیکھا گیا تاہم بھارتی فوجیوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے بعدوہ وہاں سےفرار ہو گئے ۔حکام کے مطابق بھارتی فوجی پوری طرح چوکس ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک ڈرون نے شہر کے مضافاتی علاقے میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے اوپر پرواز کی جس کے بعد اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، ایک روز قبل کے دھماکوں کے بعدپٹھانکوٹ ایئربیس، جموں ایئرفورس سٹیشن اور دیگر اہم ترین تنصیبات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اڈے کے اوپر سے دو بارودی ڈرونز کی پرواز نے جہاں بھارتی ناکام سیکورٹی کی قلعی کھول دی وہیں افسران اور اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز جموں ایئرپورٹ پر انڈین ایئر فورس کے اسٹیشن پر دو ڈرونز حملے میں اہلکاروں کے زخمی ہونے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچنے کے بعد جموں شہر کے کالوچک فوجی اڈے پر بھی ڈرونز حملوں کی کوشش کی گئی۔بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کالوچک کے فوجی اڈے پر بارود سے بھرے دو ڈرونز سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم بھارتی فوج کے جوابی کارروائی کے باعث ڈرونز فرار ہوگئے۔ڈرونز کی پروازوں کے بعد قریبی علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیامقبوضہ کشمیر کے علاقے جموں میں ایک بعد دیگرے دوسرے روز فوجی اڈوں پر ڈرونز حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم بھارتی فوج نے گزشتہ روز ہونے والے ڈرون حملوں کی ذمہ داری اسلامی تنظیم پر عائد کرنے کی کوشش کی تھی۔دریں اثنا سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار کے سامان سے انساس رائفل کی کئی گولیاں برآمد ہوئیں،سی آر پی ایف اہلکار کا تعلق پیراملٹری فورس کے 180 بٹالین سے ہے جو ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں تعینات ہے،سی آر پی ایف اہلکار ہوائی جہاز کے ذریعے دہلی جارہا تھا،ادھر نامعلوم مسلح افراد نے ضلع پلوامہ میں ایس پی او فیاض احمد ، اس کی بیوی اور بیٹی کو ہلاک کر دیا، حملہ آوروں نے ایس پی او فیاض احمد کی رہائش گاہ میں داخل ہو کر انہیں گولیاں ماردی جس سے فیاض موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیوی راجہ بیگم اور بیٹی رفیعہ اسپتال میں دم توڑ گئیں،بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سوپور ور ضلع بڈگام کے مختلف علاقوںمیں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری ہیں،دوسری جانب بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں سرینگر میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو سرینگر کے علاقے پارمپورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا، آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا،بھارتی شہر چندی گڑھ میں ایک کشمیری طالب علم کے قتل پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں سیکڑوں خواتین نے سوپور قصبے میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔