پاکستانی باکسنگ کے حوالے سے گزشتہ ہفتہ سوگوار رہا۔ عالمی شہرت اور یافتہ دنیا بھر میں کھیلوں کا سامان فراہم کرنے، کھیلوں کے عالمی مقابلوں کو اسپانسر کرنے والے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر جہانگیر ریاض مختصر علالت کے باعث دبئی میں انتقال کرگئے۔ ان کی تدقین آبائی شہر سیالکوٹ میں ہوئی۔ ان کے انتقال پر کھیلوں کی دنیا کے مقتدر حلقے افسردہ اور اسے کھیلوں کا بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔ پروفیسر انور چوہدری کے 19جون 2010 ء میں انتقال کے بعد پاکستان باکسنگ کا یہ دوسرا سب سے بڑا اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔
یکم اپریل 1965کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے جہانگیر ریاض نے اپنی محنت اور لگن سے دنیا بھر کے کھیلوں میں اپنا مقام بنایا۔ گرین ہل کودنیا کا ایک بڑا کھیلوں کا سامان فراہم کرنے والا ادارہ بنایا۔ جہانگیر ریاض کا شمار مرحوم پروفیسر انور چوہدری کے وفادار باکسنگ ساتھیوں میں ہوتا تھا جس نے پاکستان میں گرین ہل کپ کے نام سے چار بڑے انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹس اسپانسر کئے۔
مرحوم نے رواں ماہ کے اوائل میں برازیل سے دبئی میں ہونے والی ایشین باکسنگ فیڈریشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی انتقال تک وہاں کے اسپتال میں زیرعلاج رہے۔56 سالہ جہانگیر ریاض کو باکسنگ کی عالمی تنظیم آئبا سمیت دیگر کھیلوں کی تنظیموں نے بھی خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کئے تھے جس کے تحت ورلڈ اور دیگر چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی ان کی کمپنی کا سامان استعمال کرتے تھے۔
آئبا کے تحت ہونے والے عالمی مقابلوں میں باکسرز کیلئے اس ادارے کے گلوز اور ہیڈ گارڈز پہننا لازمی ہوتا تھا۔ مرحوم نے دو بیٹوں عابد اور ریحان جہانگیر، بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ مرحوم پاکستان میں باکسنگ کے گرتے ہوئے معیار اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی ناقص کارکردگی سے سخت نالاں تھے جس کی وجہ سے انہوں نے عملی طور پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے گزشتہ ہونے والے انتخابات میں حصہ لیا۔
ان کے ساتھ ساتھ برسوں باکسنگ کا حشر نشر کرنے والے پہلے برسراقتدار گروپ نے بھی انتخابات میں حصہ لیا۔ خودساختہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے اعلان کو باکسنگ کی عالمی تنظیم (آئبا) نے متنازع قرار دیتے ہوئے آئبا کی مبصرین کی موجودگی میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیاتھا۔
جہانگیر ریاض کے بیٹے عابد جہانگیر نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ والد کے مشن کو جاری رکھوں گا،گزشتہ چار پانچ سالوں سے میں والد کے بہت قریب تھا ۔ جس کی وجہ سے کاروبار اور کھیلوں کی عالمی اور نیشنل تنظیموں سے تعلقات پیدا ہوئے ، پاکستان باکسنگ کے حوالے سےمخلص لوگوں سے رابطہ کررہا ہوں۔ ان کے خواب کی تکمیل ہی میرا مقصد ہوگا۔ ملک کے غریب اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور مدد و معاونت کرکے انہیں آگے لایا جائے گا۔ باکسنگ کی عالمی تنظیم آئبا سمیت دیگر کھیلوں کی انٹرنیشنل تظیموں سے بھی رابطے میں ہوں۔
آئندہ انتخابات میں پاکستان باکسنگ کے صدر کی حیثیت سے حصہ لوں گا۔ اگلے ڈیڑھ ماہ کے جہانگیر ریاص کے نام نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابھی نیشنل ایونٹ کرائوں گا اس کے بعد مرحوم کے نام سے انٹرنیشنل ایونٹ کا بھی لائحہ طے کروں گا۔
جہانگیر ریاض کے دنیا کے مختلف ممالک میں کاروباری مراسم تھے اور بہت سے لوگ ان کے نزدیک رہے۔ روس میں پاکستانی کمیونٹی کے سربراہ ڈاکٹر زاہد علی خان، اور دیگر کیلئے بھی جہانگیر ریاض کے انتقال کی خبر افسوس ناک رہی۔