• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن کو نمائندگی دینے کی شہباز شریف کی تجویز خوش آئند ہے، حاجی پرویز اقبال

برسلز(عظیم ڈار)پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز اقبال نے کہا ہے کہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)میاں شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نشستوں کو مختص کرنے کی جو تجویز دی تھی،اس سے بہتر اوورسیز پاکستانیوں کو نمائندگی دینے کا اور کوئی طریقہ کار نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں نے اس فارمولے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے کبھی بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت نہیں کی ۔ہر کوئی صرف اسی بات پر بحث کرتا دکھائی دیتا ہے مگر اصل مسئلہ ان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی اور ووٹ کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تب تک حل نہیں ہوں گے جب تک ان کے حقیقی نمائندے اسمبلی اور سینیٹ میں موجود نہ ہوں گے۔ حاجی پرویز اقبال نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس تجویز کی حمایت کرنی چاہیے۔اسکے علاوہ سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے ان کارکنوں کو اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی دیں جو پارٹی کے لئے بے لوث خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر سیاسی پارٹیوں نے ٹکٹ منظور نظر افراد کو دینے ہیں تو اس کا کوئی فائدہ نہ اوورسیز کمیونٹی کو ہوگا اور نہ ہی ملک میں ترقی و خوشحالی کے شادیانے بجیں گے، بلکہ ایسے نمائندوں کی وجہ سے جو بدنامی ہوئی ہے، اس کا خمیازہ اوورسیز کمیونٹی کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلم لیگ ن کو مضبوط صفوں پر استوار کرنے کےلیے نعروں کی سیاست کرنے والی پارٹی کو باور کروانا ہوگا کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ عملی اقدام کے ذریعے ملک وقوم کی تعمیر کی ہے۔
تازہ ترین