اسلام آباد (نمائندہ جنگ) حکومت تو ہے ہی نہیں چلی کیا جائے گی‘ ہوگی تو جائے گی ناں یہ تو مانگے تانگے پر گھس گھسا کر (نظام) چلا رہے ہیں، افغان صورتحال کے اثرات پاکستان پر آسکتے ہیں، اسرائیل سے روابط پر پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر یہ تبصرہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کیا۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ آپ نے کہا تھا کہ حکومت جلد چلی جائے گی اب کیا صورتحال دیکھ رہے ہیں۔ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال خطرناک ہے اس کے اثرات پاکستان پر آسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہمیں سوچنا بھی ہے اور اس پر نظر بھی رکھنی ہے جو اس میں شامل ہے وہ دیکھتے ہوں گے۔ اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو ضرور ہر معاملے پر اعتماد میں لیا جانا چاہئے۔ یاد رہے کہ جنوری میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بیان دیا تھا کہ ملک کی سیاست کے مستقبل کے لئے اگلے کچھ ماہ بہت اہم ہیں۔