سکھر (بیورو رپورٹ) سندھ انٹر اسکول ہاکی چیمپئن شپ 11مئی سے شروع ہوگی، چیمپئن شپ تین سینٹرز کراچی، حیدرآباداور سکھر میں منعقد کی جائے گی۔ اس حوالے سے سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رمضان جمالی کے مطابق چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل سندھ کی تین ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو 22 مئی سے اسلام آباد میں ہونے والی انڈر18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہاکہ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں پر لازمی ہے کہ ان کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1998 یا اس کے بعد کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلی جائے گی، سکھر سینٹر میں میزبان سکھر، خیرپور، گھوٹکی، لاڑکانہ ، جیکب آباد، کندھ کوٹ، کشمور، قمبر شہداد کوٹ ، نوشہروفیروز، حیدرآباد سینٹر میں حیدرآباد، جامشورو، بدین، ٹھٹھہ، دادو، نوابشاہ، سانگھڑ، میرپور خاص سمیت دیگر اضلاع کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ کراچی سینٹر میں کراچی کے تمام اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔