• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجا فاروق حیدر کے وزیرعظم عمران خان پر مسئلہ کشمیر اور الیکشن سے متعلق کئی الزامات


وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے وزیراعظم عمران خان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران راجا فاروق حیدر نے الزام لگایا کہ مسئلہ کشمیر پر پانچ اگست کا بھارتی اقدام نریندر مودی اور عمران خان کی رضامندی سے ہوا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ میں کل کے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں جارہا ہوں، کشمیر پر امریکی ثالثی تسلیم کرنا سب سے بڑی بے وقوفی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر صرف اقوام متحدہ میں تقریر کرنا کافی نہیں تھا، ہمارے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بچوں کو کہانیاں سنانے کے لیے ہیں۔

راجا فاروق حیدر نے الزام لگایا کہ آزاد کشمیر میں منی لانڈرنگ ہو رہی ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا آفس اس میں استعمال ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر کے الیکشن ہونے ہیں، جو ایک خاص قومی بیانیے پر لڑے جارہے ہیں، ایک ہمارا اور ایک مخالفین کا بیانیہ ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد حکومت پاکستان معاملات کو اس طرح نہیں لے کر چل سکی۔

راجا فاروق حیدر نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنالیا گیا جبکہ لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر پاکستان اور کشمیر کا خون بہا ہے۔

تازہ ترین