• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان قوم کو بتائیں کہ کتنے وعدے نبھا چکے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ انہوں نے کتنے وعدے نبھائے ہیں۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے چلتے پاکستان کو بریک لگادی ہے، موجودہ حکومت عمل کم اور باتیں زیادہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو 3 سال بعد ملک کی جی ڈی پی کا حال بتائیں جو سکڑ چکی ہے، ملکی دفاعی بجٹ بھی سکڑ چکا ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران صاحب نے عوام کو بدترین مہنگائی دی ہے، مزید 2 کروڑ لوگ سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ معیشت، خارجہ پالیسی سمیت ملک کا امیج بگڑ چکا ہے، دراصل عمران خان نے چلتے پاکستان کو بریک لگادی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں گیس اور بجلی کے بل عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں، دنیا میں کہیں بھی جبراً ٹیکس نہیں لیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بھاشن دے کر عمران خان عوام کو دھوکہ دے رہا ہے، یہ پاکستان کے مہنگے ترین وزیراعظم ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم آفس کے لیے 8 ارب کی سپلیمینٹری گرانٹ دی گئی، عمران خان انتقامی حکمران ہیں، جن کے یوٹرن سے قوم واقف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر آپ قوم کو ترقی کا بھاشن دے رہے ہیں، عمران خان قوم کو بتائیں کون سا نیا منصوبہ لائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان بتائے 50 لاکھ گھر میں سے کتنے گھر بنائے؟ ایک کروڑ نوکریوں میں سے کتنے لوگوں کو نوکریاں ملیں؟

تازہ ترین