• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی جوڑے کے اکاؤنٹ میں 50 بلین ڈالرز جمع، پھر کیا ہوا؟

اگر آپ کے اکاؤنٹ میں 50 بلین ڈالرز (تقریباً79 کھرب پاکستانی روپے) آجائیں تو آپ کیا کریں گے؟

ایسے عجیب و غریب اور حیرت انگیز واقعے کو آپ حادثہ کہیں گے اتفاق یا پھر غلطی؟ امریکی بینک کی طرف سے ایک جوڑے کے ساتھ ایسا ہی ہوا تو اُن کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ امریکی بینک نے غلطی سے امریکی جوڑے کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں 50 بلین ڈالرز جمع کردیے۔

ڈیرن جیمز جو امریکی ریاست لوزیانا کے بیٹن روج میں رئیل اسٹیٹ ایجنٹ ہیں، وہ حیران رہ گئے کہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 50 بلین ڈالر کی بھاری رقم جمع کروائی گئی ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈیرن جیمز نے بتایا کہ میں اتنی بڑی رقم اپنے اکاؤنٹ میں دیکھ کر حیران ہوگیا، تاہم مجھے معلوم تھا یہ رقم میری نہیں ہے یقیناً غلطی سے میرے اکاؤنٹ میں آگئی۔

ڈیرن جیمز نے اس واقعے پر مزید کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا احساس ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ میں بہت سارے زیرو ہیں، صرف دیکھنے میں یہ اچھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اس واقعے کی فوری اطلاع اپنے بینک کو فون کر کے دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بینک نے تحقیقات کے بعد امریکی جوڑے کے اکاؤنٹ سے رقم کی ٹرانزیکشن واپس کرلی تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ یہ رقم کیسے ان کے اکاؤنٹ میں پہنچی۔

تازہ ترین