• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغواء کرنیوالا رکشہ ڈرائیور گرفتار، متاثرہ لڑکی کا پولیس کو خراجِ تحسین

کراچی کے تھانے بغدادی کی پولیس کی جانب سے اغواء کار رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرنے پر متاثرہ لڑکی نے سوشل میڈیا پر پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

لڑکی کا کہنا ہے کہ خواتین اپنے مسائل کے حل کے لیے بے خوفی سے تھانے آئیں۔

بغدادی سے 5 روز قبل اغواء کار رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے رکشہ میں لڑکی کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن لڑکی نے رکشہ سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی۔

متاثرہ لڑکی رامیل نے پولیس کی جانب سے اغواء کار کو گرفتار کرنے پر سوشل میڈیا پر اپنی دوست کے ذریعے پولیس کی تعریف اور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

متاثرہ لڑکی نے کہا ہے کہ ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز، ایس ایچ او بغدادی اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، جب اغواء کار کو گرفتار کر کے تھانے لایا گیا تو اہلکاروں نے میری ہمت بڑھائی۔

رامیل کے مطابق ملزم کے ٹھکانے سے متعلق معلومات ملنے پر 1 گھنٹے میں اغواء کار کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ تھانے میں اہلکاروں کا رویہ میرے ساتھ اپنی بیٹی کی طرح تھا، متاثرہ خواتین اور لڑکیاں تھانے آتے وقت اپنے محافظوں پر اعتماد کریں۔

پولیس کے مطابق اغواء کار رکشہ ڈرائیور نے رامیل نامی لڑکی کو 13 جون کو یونیورسٹی جاتے ہوئے اغواء کرنے کی کوشش کی تھی۔

مذکورہ لڑکی رکشہ سے چھلانگ لگا کر اپنے آپ کو اغواء سے بچانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

تازہ ترین