وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب نے خیبر پختون خوا حکومت کی لگائی ہوئی زپ لائن کو خوب انجوائے کیا۔
سوات میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آج ہونے والے جلسے اور وہاں زپ لائن کے ذریعے نون لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کے وادی سوات کی سیر کرنے پر کامران بنگش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
کامران بنگش کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت کی سہولتوں سے محظوظ اور سیر سپاٹوں میں مگن ابو بچاؤ تحریک والوں کے کارکن گراؤنڈ میں منتظر ہیں۔
جاری کیئے گئے ایک اور بیان انہوں نے کہا ہے کہ عوام کی عدم شرکت کے باعث مدارس کے کمسن طلبہ کو جلسے میں لایا گیا ہے، جلسہ گاہ بھرنے کے لیے دینی مدارس کے بچے لانا شرمناک ہے، دینی مدارس کے معصوم طلبہ کو سیاست کا ایندھن بنانا ظلم ہے۔
کامران بنگش کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں کی نگرانی کے فریضے سے غافل نہ ہوں، حکومت علمائے کرام اور دینی مدارس کا احترام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس بچوں کے استحصال کا نوٹس لے، ذمے داران مدارس کے خلاف کارروائی کرے، پرامن سوات عوام کے لیے پی ٹی آئی کا تحفہ ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ پچھلے جلسوں کی طرح پی ڈی ایم کا یہ جلسہ بھی بُری طرح فلاپ ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا وجود اب ختم ہوچکا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو 2023ء کے الیکشن میں بھی شکست کا سامنا ہوگا۔