کراچی( نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) لاہور میں جاری قومی جونیئر ہاکی کیمپ سے دو کھلاڑیوں کو پاکستان اسپورٹس بورڈ لاہور سینٹر کے گارڈ سے مار پیٹ کرنے پر کیمپ سے فارغ کردیا گیا ہے، جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق کیمپ میں شامل پاکستان واپڈا کے دو کھلاڑی گول کیپر محمد وقار اور حماد انجم کیمپ کے آغاز سے قبل اسٹیڈیم میں اپنے ایک دوست مالی معاملات پر الجھ پڑے جس کو روکنے کے لئے پی ایس بی کے گارڈ آگے آئے تو ان دونوں کھلاڑیوں نے گارڈ سے ہاتھا پائی کی جس کے بعد پی ایس بی انتظامیہ نے جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ دانش کلیم کو بلاکر ان کھلاڑیوں کے رویہ اور واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا،کھلاڑیوں پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے پی ایس بی کے آفس عملے کے ایک رکن کے ساتھ بھی بدتمیزی کی، اس واقعے کے بعد قومی ٹیم کی انتظامیہ نے فوری طور پر دونوں کھلاڑیوں کو کیمپ سے باہر کرتے ہوئے پی ایچ ایف کو رپورٹ بھیج دی ہے، امکان ہے کہ اتوار کو آرام کے بعد شروع ہونے والے پر یکٹس سیشن سے قبل پی ایچ ایف کے سکریٹری آ صف باجوہ کھلاڑیوں اور لاہور پی ایس بی سینٹر کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔