کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں تعمیراتی ملبے کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو گیا گندا پانی سڑکوں پربہنے سے عوام کو پیدل چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تفصیلات کے مطابق حکام کی جانب سے شہر میں تعمیراتی ملبے کو اٹھانے کیلئے ہدایت بھی کی گئی تھی مگر احکامات کو پس پشت ڈال دیا گیا شہر کے گنجان آباد علاقوں سمیت مختلف علاقوں میں تعمیراتی میٹریل سڑک کے کنارے پڑا ہونے سے نالیاں بند ہو گئی ہیں جس کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے نالیوں کا گندا پانی کئی روز سے جمع ہے جس سے ایک طرف تو تعفن پھیل رہا ہے تو دوسری جانب لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی ہے شہریوں نے اعلی ٰحکام سے اپیل کی کہ فوری طور پر علاقوں سے تعمیراتی ملبہ اٹھایا جائے اور نکاسی آب کا نظام درست کرکے لوگوں کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔