اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اندرون شہر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے،منڈی عملہ اور تاجر وں کا ویکسین لگانا لازمی قرار، ہینڈ سینیٹائزر، ماسک مہیا کرنیکی ہدایت کی گئی ہے،پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد ایک کروڑ سر سٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی،جون کے مہینے میں8لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ویکسین لگائی گئیں ،این سی او سی کی جانب سے تمام اکائیوں کو عید الا ضحی کیلئے مفصل ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں اور کورونا ایس او پیز پرعمل کیا جائے گا۔ تمام سٹاف اور تاجر وں کا ویکسین لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔انتظامیہ کو مویشی منڈیوں کے تمام داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزر، ماسک اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کرنے کی تاکید کی گئی ہے،این سی او سی کے مطابق پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد ایک کروڑ سڑسٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے،جون کے مہینے میں8 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال اور ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی این سی او سی کی قیادت میں وفد نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔ وفد نے گلگت، شگر اور ہنزہ کے ویکسین سنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عمائدین کو یقین دلایا کہ این سی او سی نے تمام سیاحتی مقامات کی ویکسین کیلئے رجسٹرڈ آبادیوں کو100 فیصد ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا کی روک تھام اور ویکسین کے عمل میں بہتری لانے کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی۔