اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی بگڑتی سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ افغان مہاجرین کی متوقع آمد سے پاکستان اور ایران دونوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کو18جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ۔اتوار کو عمران خان نے نومنتخب ایرانی صدر کو ٹیلی فون کیا، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں انہیں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی ان کی قیادت پر ایرانی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ اس موقع پر پاکستان ایران سرحد کے ساتھ مارکیٹس کے قیام کو اہمیت کا حامل اقدام قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو سماجی اور معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔وزیراعظم نے افغانستان میں بگڑتی سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات پاکستان اور ایران کے لئے سنجیدہ احتیاطی تدابیر کا تقاضا کرتے ہیں، اس صورتحال سے دونوں ممالک میں افغانستان سے مہاجرین کی آمد کا امکان ہے ۔ دونوں اطراف نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے عوام کے زیر ملکیت اور زیر قیادت سیاسی حل کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے تنازع جموں کشمیر پر ایران کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا ، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اس دیرینہ مسئلے کے حل کی ضرورت پر زور دیا ، بات چیت کے د وران اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو سرکاری دوروں کی بھی دعوت دی ۔