کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے اسرائیل جب اور جہاں ضروری ہوا، وہاں کارروائی کرے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ بیان ایک ایسے موقع پر منظر عام پر آیا ہے جب گزشتہ ماہ ایرانی جوہری تنصیب پر حملے کے ممکنہ ردعمل کے طور پر ایران نے چند دن قبل اسرائیلی کارگو جہاز کو روک لیا تھا۔ انہوں نے چینل 13 کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارا تنازع چل رہا ہے، ہمیں خود اپنا دفاع کرنا ہے، ہم ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے باز رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور خطے میں ایران کا منفی اور جارحانہ رویہ بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل اتوار کو اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کے حوالے سے دفاعی اور سفارتی عہدیداروں کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی جس میں خصوصی طور پر ایران کے جوہری منصوبے، امریکا اور ایران کے حوالے سے اس حوالے سے چل رہی بات چیت پر گفتگو کی گئی۔