• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کو غیر موجودگی میں ضمانت دینے کی استدعا مسترد


اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کرتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں ضمانت دینے کی استدعا مسترد کر دی۔

عدالت میں آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیو یارک میں آصف علی زرداری کی مبینہ پراپرٹی کی نیب تحقیقات میں ضمانت دی جائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کی غیر موجودگی میں کیسے ضمانت قبل از گرفتاری دی جا سکتی ہے؟

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ 2 دن کا وقت دے دیں، آصف زرداری عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

عدالت نے آصف علی زرداری کو غیر موجودگی میں ضمانت دینے کی استدعا مسترد کر دی۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے ملزم کی حاضری ضروری ہے۔

آصف علی زرداری کو غیر موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری نہ مل سکی جس پر فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ آصف زرداری کو کل ایئر ایمبولینس کے ذریعے عدالت پیش کر دیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ آصف زرداری پیش ہوں، کل ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہو گی۔

تازہ ترین