بھارتی ٹیلی ویژن شوز اور فلموں کی سینئر اداکارہ شگفتہ علی نے کہا ہے کہ وہ ان دنوں مالی بحران کا شکار ہیں، جبکہ وہ بیمار بھی ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ اپنے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرنا کافی مشکل ہوگیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت اور بالخصوص ممبئی کی فلم انڈسٹری میں کام بند ہونے کی وجہ سے فلمی صنعت کے کافی لوگ ان دنوں بیکار ہیں جس کی وجہ سے ان کے پاس موجود اپنی بچتیں ختم ہوچکی ہیں اور وہ دیگر کی جانب مدد کے لیے دیکھ رہے ہیں۔
ایسا ہی کچھ شگفتہ علی کے ساتھ بھی ہے جنھیں اپنے میڈیکل بلز کے ساتھ ساتھ گھریلو اخراجات کے لیے رقوم کی ضرورت ہے۔
شگفتہ نے اس حوالے سے انکشاف کیا کہ انھوں نے انٹر ٹینمنٹ انڈسٹری کے اپنے ساتھیوں سے مالی مدد کے لیے رابطہ کیا ہے۔ گزشتہ 32 برسوں سے ٹیلی ویژن اور فلموں سے وابستہ اور کینسر کو شکست دینے والی شگفتہ علی گزشتہ چار برس سے بیروزگار ہیں۔
جس کی وجہ سے وہ اپنی کار اور زیورات بیچ کر اخراجات پورے کررہی تھیں لیکن اب وہ رقم بھی ختم ہوچکی ہے۔