• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے آزاد کشمیر الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھادیئے

اسلام آباد،چناری ( نمائندگان جنگ)مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھادیئے ، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں بھی دھاندلی کی کوشش کی گئی تو اس کے دور رس نتائج ہوں گے،شاہد خاقان کاکہناتھاکہ الیکشن چوری سےملک آگے نہیں بڑھے گا،فاروق حیدر کاکہنا ہےکہ عمران کشمیر فتح نہیں کر سکتے۔گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن سب سے مضبوط ہے اور اگر انتخابات آزادانہ اور شفاف ہوئے تو بلا شک و شبہ ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے لیکن عوام کو نظام پر اعتماد نہیں اور چونکہ دھاندلی ہوتی آئی ہے اس لیے وہ تحفظات کا شکار ہیں اس کے باوجود اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں سب سے مضبوط جماعت ہے۔ انتخابی دھاندلی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم صرف الزامات نہیں لگارہے بلکہ اس کے پسِ پردہ بہت بڑے بڑے ثبوت ہیں اور ڈسکہ الیکشن اس کی مثال ہے کہ جب الیکشن کمیشن کے عملے کو اغوا کرلیا گیا تھا، پھر بھی ہار گئے اور اگر آزاد کشمیر میں بھی یہ کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے دور رس نتائج ہوں گے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کے راستے میں نہ آئیں، انتخابات کو چوری کرنے کی کوشش نہ کریں، آج تو آپ اس سے بچ جائیں گے لیکن بعد میں اس کے بہت سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔مسلم لیگ ن کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہاہےالیکشن چوری ہونگے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا،آزاد کشمیر الیکشن پر پوری دنیا کی نظریں ہیں،آزاد کشمیر میں بھی الیکشن چوری کئے جا رہے ہیں،لگتا ہے کشمیر میں بھی عوام کو ووٹ کی عزت نہیں دینا چاہتے۔

تازہ ترین