• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شگفتہ علی کے لیے روہیت شیٹھی کی فراخدلانہ مالی امداد

بھارتی فلموں اور ٹیلی ویژن کی اداکارہ شگفتہ علی کو بالی ووڈ کے معروف فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر روہت شیٹھی کی جانب سے فراخدلانہ مالی امداد موصول ہوئی ہے۔

اس بات کی تصدیق فلمساز اور انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے کی۔

انھوں نے کہا کہ روہیت شیٹھی نے بڑی فیاضی سے شگفتہ کی مدد کی جس پر ہم روہیت کے انتہائی مشکور ہیں۔

اس حوالے سے مالی مشکلات کا شکار شگفتہ علی نے کہا کہ انکی روہیت شیٹھی سے کبھی ملاقات ہوئی نہ آمنا سامنا ہوا اور نہ ہی فون پر بات ہوئی، لیکن اسکے باوجود انھوں نے دل کھول کر اور بڑی فیاضی سے ان کی مدد کی ہے۔

اشوک پنڈت نے بتایا کہ جب انھیں شگفتہ کی مالی صورتحال اور بیماری کا پتہ چلا تو وہ حالات کا جائزہ لینے ان کے پاس گئے اور صورتحال دیکھنے کے بعد انھوں نے روہیت سے بات کی جس پر وہ مالی مدد کے لیے فوری تیار ہوگئے۔

اشوک کے مطابق وہ اب بالی ووڈ میں مزید ایسے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ اسی قسم کی صورتحال سے پریشان ہیں۔

یاد رہے کہ شگفتہ علی بیماری اور بیروزگاری کے باعث سخت مالی مشکلات کا شکار تھیں اور ان کے پاس روز مرہ اخراجات کے لیے بھی رقم ختم ہونے کو تھی۔ دریں اثنا شگفتہ علی نے روہت شیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جسطرح انھوں نے میری مدد کی اللّٰہ تعالیٰ انھیں اسکا صلہ دیگا۔

تازہ ترین