• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر راولپنڈی سردارنسیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اپنے دفاتر کا قبضہ حاصل کر لیا

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق عدالت عظمٰی کے تفصیلی فیصلے کے بعد میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان نے گزشتہ روز اپنی ٹیم کے ہمراہ اپنے دفاتر کا قبضہ حاصل کر لیا، قبل ازیں میئر کی قیادت میں دیگر بلدیاتی نمائندوں کی آمد سے قبل ہی چیف افسر سمیت کارپوریشن کے دیگر افسران تالے لگا کر دفاتر سے غائب ہو چکے تھے، جمعرات کے روز میئر راولپنڈی سردار نسیم اور ڈپٹی میئر چوہدری طارق میونسپل کمپلیکس پہنچے تو یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور مرد وخواتین کونسلروں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی۔ میونسپل ورکرز لیگ کے صدر حاجی فاروق نے اپنے حامیوں کے ہمراہ میئر اور ڈپٹی میئر کا استقبال کیا میئر راولپنڈی دیگر منتخب اراکین کے ہمراہ اپنے دفتر پہنچے تو ان کے کمرے کو تالا لگا ہوا تھا جسے توڑ کر وہ دفتر میں داخل ہوئے اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کل دس جولائی ہفتے کی صبح گیارہ بجے شہر کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس طلب کر لیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس تاثر کی نفی کی کہ دفتر کا کوئی تالہ یا دروازہ توڑا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے تالے ہی توڑنے ہوتے تو اس سے پہلے والا اجلاس کمپلیکس کے گیٹ پر نہ ہوتا، انہوں نے کہا کہ آج دوسری مرتبہ ہم دفتر میں ذمہ داریاں سنبھالنے آئے لیکن اس مرتبہ بھی یہاں ایک بھی افسر موجود نہیں تھا جس پر ہم چیف افسر سمیت تمام افسران کو بھی توہین عدالت میں عدالت لے کر جائیں گے۔۔ انہوں نے کل ہفتے کے روز منتخب اراکین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا کہ اپریل 2019کے بعد یہ ہمارا دوسرا باضابطہ اجلاس ہو گا۔نہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی تالہ توڑا نہ کوئی توڑ پھوڑ کی بلکہ سپریم کورٹ کے حکم پر عوامی دفاتر سے غیر قانونی قبضہ ختم کرا کے ادارے کے تقدس کو بحال کیا ہے اور اب میئر، ڈپٹی میئر یا جناح ہال پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
تازہ ترین