بہاولپور(توصیف احمد)نیشنل پارک لال سوہانرا بہاولپور کے سرپلس کالے ہرنوں اور چنکارہ ہرنوں کے شکار کیلئے نیاطریقہ کار منظور کر لیا گیا، فاریسٹ وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، تفصیلات کے مطابق فاریسٹ وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب وائلڈ لائف پروٹیکشن،پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ 1974ء کے تحت مجازاتھارٹی نے نیشنل پارک لال سوہانرا میں موجودہ سرپلس کالے ہرنوں اور چنکارہ ہرنوں کے شکار کے نئے طریقے کار کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے مطابق نیشنل پارک لال سوہانرا بہاولپور میں موجود سرپلس کالے ہرنوں اورچنکارہ ہرنوں کاشکار چولستان کے ایریامیں کرنے کااہتمام کیاجائے گا جس کی سپیشل اجازت فاریسٹ وائلڈ لائف اینڈفشریز ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب دے گا۔2016ء میں اس شکار کااہتمام مئی اوراکتوبر کے مہینے میں کیاجائے گا جبکہ مستقبل میں یہ شکار اپریل اوراکتوبر کے مہینوں میں کیاجائے گا۔ جن سرپلس کالے ہرنوں اور چنکارہ ہرنوں کو شکار کیلئے منتخب کیاجائے گا ان کوپہلے ہوبارہ ریسرچ اینڈ بریڈنگ سنٹر میں بے ہوش کیاجائے گا۔ جس کے بعد ان کو شکار کیلئے چنے گئے ایر یا میں منتقل کیاجائے گا۔ جس کیلئے بے ہوشی کاعمل کرنے والے ایکسپرٹ عملے کو مقرر کیاجائے گا۔ جن سرپلس کالے ہرنوں اور چنکارہ ہرنوں کو شکار کیلئے منتخب کیاجائے گا ان کو منتخب شکار گاہ میں شکار کرنے سے 30روز پہلے منتقل کیاجائے گا جس کی ذمہ داری بھی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی ہوگی۔ شکار کیلئے صرف میل کالے ہرنوں اور چنکارہ ہرنوں کومنتخب کیاجائے گا جن کوہنٹنگ سے پہلے ٹیگ لگائے جائیں گے۔ شکار کیلئے منتخب ایک کالے ہرن کی قیمت دولاکھ روپے جبکہ چنکارہ ہرن کی 75ہزار روپے رکھی گئی ہے جوشکار کرنے والی پارٹی ادا کرنے کی پابند ہوگی۔ جبکہ شکاریوں کیلئے جاری کردہ ہدایت کے مطابق شکاری کے پاس تصدیق شدہ آرمز اورشوٹنگ لائسنز ہوناضروری ہوگا۔ شکار کیلئے استعمال کی جانے والی وہیکلز کو 200گز تک لے جانے کی اجازت ہوگی اس سے آگے شکاری کوپیدل چلناہوگا۔ ایک وقت میں شکار ی کو ایک جانور پر 5فائر کرنے کی اجازت ہوگی۔ شکار کادورانیہ ایک دن کاہی ہوگا۔ جس کے بعد شکار نہیں کھیلاجاسکے گا۔ جبکہ شکار پارٹی ایک شوٹر اور دو مددگاروں پر مشتمل ہوگی۔ اگرشکار پارٹی مقررہ دن میں شکار کھیلنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو وہ دوبارہ شکار کھیلنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف سے اجازت لے گی۔ ایک وقت میں صرف ایک ہرن کوشکار کیاجاسکے گا۔ اگر شکار کے دوران ایک ہرن کے ساتھ کسی دوسرئے ہرن کوبھی فائر لگ گیا اور وہ مارا گیا یازخمی ہوگیا توشکاری پارٹی کو دوہرنوں کی ادائیگی کرناہوگی۔