وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی طور پر طفل مکتب قرار دیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کو کشمیر کی تاریخ اور عوام کی جدوجہد کا کچھ پتا ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کے والدین پاکستان کے اربوں روپے لوٹنے کے مقدمات میں ملوث اور مفرور ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی سیاست کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی مقصد ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ان کی تقریروں سے بھی پتہ نہیں چل رہا کہ وہ کہنا کیا چاہ رہے ہیں، 30، 30 سال حکومت کرنے والوں کو پتا نہیں کہ ان کی پالیسی کیا ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ یہ اپنے دور میں کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے بھی ڈرتے تھے، انھیں کیا پالیسی چلانی ہے؟، وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج نریندر مودی کو اس لئے مضبوط جواب دیا جارہا ہے کہ یہاں عمران خان کی حکومت ہے، وزیراعظم نے کشمیر کے مسئلہ پر عالمی خاموشی توڑی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے او آئی سی، یو این اور پوری دنیا میں کشمیر پر آواز بلند کی۔
اُن کا کہنا تھاکہ جن کا پیسہ بیرون ملک ہو، وہ کیسے پاکستان کے نظریے کی حفاظت کریں گے، آزاد کشمیر میں دونوں پارٹیوں نے 10 سال حکومت کی، کارکردگی صفر دکھائی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بہتر ہوتا جلسوں میں اپنی کارکردگی بتاتے، انہوں نے سیاسی طعنوں کی محفل برپا کردی ہے۔