بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل )اوورسیز ایڈوائزری کونسل آزادکشمیرکے صدر خالد محمود خالق نے کہا کہ نائب صدر مسلم لیگ ن ، دختر پاکستان مریم نواز کا 17جولائی کواسلام گڑھ آمدپر شایان شان استقبال کرکے یہ ثابت کرینگے کہ حلقہ2اسلام گڑھ کے عوام آج بھی میاں نوازشریف کے بیانیے ʼووٹ کو عزت دو پر مکمل کاربند رہتے ہوئے فصلی بٹیروں اور کٹھ پتلیوں کیخلاف برسر پیکار ہیں۔حلقہ2میں مسلم لیگ ن مکمل متحد اورلیگی امیدوار محمد نذیرانقلابی کی کامیابی کیلئے بھرپور طریقے سے محنت جاری ہے، انشاء اللہ 25جولائی حلقہ اسلام گڑھ سمیت آزادکشمیر بھر میں شیر دھاڑے گا ،کشمیر فروشوں سبز باغ دکھانے والوں پرآزادکشمیر کی حدود تنگ کردی جائے گی۔ اپنے بیان میں ان کا مذید کہنا تھا کہ راجہ فاروق حیدر نے اپنے دور اقتدار میں حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔امیدوار اسمبلی محمد نذیرانقلابی نے 5سال کے دوران حلقے میں ریکارڈ تعمیروترقی کرائی، خالق آباد سے لیکر پلاک بلاتخصیص ترقیاتی کام ہوئے۔ حلقے کے عوام شاندار عوامی خدمات کے صلے میں 25جولائی کو شیر کے نشان پرمہر لگا کر خدمت، شرافت، رواداری کے علمبردار نذیرانقلابی کو بھاری اکثریت کیساتھ کامیاب کراکر اسمبلی میں بھیجیں گے۔تمام پارٹی کارکنان ، عہدیداران نے کشمیر کی بیٹی مریم نواز کے فقید المثال استقبال کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں انشاء اللہ 17جولائی فقید المثال استقبال کرکے یہ ثابت کردینگے کہ اسلام گڑھ اہل وفا کا شہر ہے اور یہاں کے عوام کے دلوں سے میاں نوازشریف اور مسلم لیگ ن کی محبت کوئی نہیں نکال سکتا۔