ملتان(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز)نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جنوبی پنجاب میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے جائیں گے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث پولیس کو مذہبی تہوار سے قبل تمام حساس مقامات اور عبادت گاہوں کی فول پروف سیکورٹی کا ٹاسک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کامیابیاں سمیٹی ہیں عوام کی حفاظت کیلئے مزید مربوط پالیسی کے تحت امن و امان کی فضاء برقرار رکھی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریجنل پولیس آفس میں جنوبی پنجاب پولیس افسران وڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی خصوصی سکریننگ جاری ہے تاکہ کوئی مزید ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور زبیر دریشک اور ریجنل پولیس افسر ڈیرہ غازی خان فیصل رانا کی جانب سے بھی تفصیلی بریفننگ دی گئی۔