• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھروں میں کئی چیزیں ناگزیر ہوتی ہیں، جن کے بغیر وہ نامکمل اور ادھورہ ہوتا ہے۔ ایسی ہی چیزوں میں سیڑھی کا شمار بھی ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسی چیز ہے کہ چاہے گھر کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو، آپ کو اسے لازمی بنوانا پڑتا ہے۔ ظاہر ہے، گھر میں ایک منزل سے دوسری منزل پر جانے کے لیے سیڑھیوں کا ہونا ناگزیر ہوتا ہے۔ مزید برآں، گھر کے تخلیقی اور افسانوی ڈیزائن کو اُبھارنے میں خوبصورت سیڑھیوں کااہم کردار ہوتاہے۔ آج کے جدید دور میں گھر میں استعمال ہونے والی سیڑھیوں کے نت نئے اور اسٹائلش انداز تخلیق ہو چکے ہیں۔ آج کے اس مضمون میں، ہم آپ کے لیے سیڑھیوں کے ایسے خوبصورت اور جدید ڈیزائن لے کر آئے ہیں، جو آپ کے انتخاب کو آسان بنا دیں گے۔

لکڑی کا مواد

آج کے جدید دور میں گھر کی خوبصورتی اور دلکشی کے لیے بہت سے نئے اور دلکش ڈیزائن متعارف ہوچکے ہیں جیسے کہ لوہے کے فریم میں لکڑی کے دلکش تختے نصب کر کے سیڑھیوں کا منفرد اور خوبصورت اسٹائل تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ اس ڈیزائن میں مزید دلکشی لانے کے لیے اس سے ملحقہ دیوار کو خوبصورت رنگ دار ٹائلز سے مزین کیا جاسکتا ہے۔

بالکونی کی طرف جاتی سیڑھیاں

کنکریٹ کے سلیب پر مشتمل سیڑھیوں کا انداز اپنے اندر جدت اور انفرادیت رکھتا ہے۔ بالکونی کی طرف جاتی دو رُخی سیڑھیوں کا انداز بھی کم ہی اپنایا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل اُن جگہوں کے لیے زیادہ مقبول تصور کیا جاتاہے، جہاں سیڑھیوں پر آمدو رفت زیادہ ہوتی ہے جیسے اسکول، کالج اور ہسپتال وغیرہ۔

بڑی جگہ کیلئے موزوں

اگر آپ مکان میں رہتے ہیں اور بڑی جگہ دستیاب ہے تو اس کے لیے دلکش ڈیزائن والی بل کھاتی سیڑھی کا انتخاب کریں۔ لوہے اور سیمنٹ سے بنی سیڑھی کا بل کھاتا ڈیزائن نہایت خوب صورت لگنے کے ساتھ دلکشی کا احساس پیدا کرتا ہے۔

مضبوط شیشے سے مزین دلکش انداز

آجکل کے ترقی یافتہ دور میں سائنس نے جہاں بہت زیادہ ترقی کی ہے وہاں شیشے میں ایسے مضبوط مواد بھی تیار کر لیے ہیں، جنھیں آپ سیڑھیوں کے اسٹیپس میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ اسٹائل اپنے اندر جدت کے ساتھ انفرادیت بھی رکھتا ہے۔ یہ ایک مہنگا مگر خوبصورت انتخاب ہو سکتا ہے۔

کم عمر بچوں کا دوست

بچوں کے کمرے کی طرف جانے والی سیڑھیوں میں ایک خاص دلکشی پیدا کریں۔ ان سیڑھیوں کے ڈیزائن کو کسی کھلونے یا کشتی سے تشبیہ دیں۔ اس قسم کے اسٹائل سے بچوں میں ایک خاص احساس اورفرحت پیدا ہو گی۔ یہ ایک دلکش اور خوب صورت انتخاب ہوگا، جس سے بچے بار بار لطف اندوز ہوں گے۔

شاہانہ انداز

سفید رنگ کی سیڑھی کا خوبصورت ڈیزائن بہت اعلیٰ معلوم ہوتا ہے، جو فرش کے براؤن رنگ کو زبردست انداز میں مزید دلکشی بخشتا ہے۔ ایسا منظر آپ کو کسی شاہانہ گھر کا پتہ دیتا ہے۔ ساتھ ہی، سائیڈ ریلنگ میں لکڑی کو لوہے کے گرل فریم کے ساتھ زبردست انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال

ہمیں یقین ہے کہ لکڑی سے بنائی گئی بل کھاتی خوبصورت سیڑھیاں آپ نے بہت کم دیکھی ہوں گی۔ تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے سیڑھیوں کے تمام اسٹیپس وَن پِیس میں بنائے جاسکتے ہیں یا پھر انھیں جوڑا بھی جاسکتا ہے۔

دن کی طرح روشن

سیڑھیوں پر اندھیرا رکھنے کے بجائے وہاں روشنی کریں۔ اس طرح پورے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا اور سیڑھیوں پر آتے جاتے وقت آپ بہت اچھا محسوس کریں گے۔ اگر سیڑھیوں کے اوپر فانوس کا اضافہ ہو جائے تو کیا ہی بات ہے۔ اس انداز کی سیڑھیاں ان گھروں کے لیے بہترین ہیں جہاں قدرتی روشنی کم آتی ہو۔

اسٹوریج

سیڑھیاں آپ کے گھر کی کافی جگہ گھیرتی ہیں تو کیوں نہ اس جگہ کو استعمال میں لایا جائے۔ خاص طور پر چھوٹے گھروں میں، جہاں جگہ بہت کم ہوتی ہے۔ سیڑھی کے ہر قدم کے نچلے حصے کو ایک شیلف کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ آپ کی کتابیں رکھنے کے بھی کام آ سکتی ہیں۔

اپارٹمنٹ میں رہائش

اپارٹمنٹ پروجیکٹس میں اکثر جگہ محدود ہوتی ہے، جہاں کنکریٹ کی بنی بڑی سیڑھیاں استعمال نہیں کی جاتیں۔ اس کے لیے جگہ کی تنگی کے باعث آپ لکڑی کی بنی ہوئی چھوٹی سیڑھی کا انتخاب کریں۔ یہ اپارٹمنٹ کی خوبصورتی کے لحاظ سے ایک بہترین انتخاب ہوگا۔

تازہ ترین