مرتب: عالیہ کاشف عظیمی
حسبِ روایت اِمسال بھی ہم نے آپ کو عیدالاضحی کے موقعے پر پیغامات لکھ بھیجنے کا سندیسہ دیا، جواباً آپ کے پیغامات تا حال موصول ہورہے ہیں۔بہرحال، بروقت ملنے والے پیغامات آپ کے پیاروں کی نذر ہیں۔
(خُرم بھائی(مرحوم) کے نام)
خرم بھائی! عیدالاضحی پر آپ کی کمی بہت شدّت سے محسوس ہورہی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو جنّت الفردوس میں ارفع مقام عطا فرمائے۔امّی جان اور دیگر اہلِ خانہ کو عید مبارک۔ (ڈاکٹر زنیرافیض کی جانب سے )
(نصف بہتر، شازیہ عمران کے لیے)
سُنو شازیہ! جب مَیں لوٹ کرا ٓؤں گا، تو ہم سب مل جُل کر عید منائیں گے۔ (عمران خالد خان، گلستانِ جوہر، کراچی سے)
(اُمّتِ مسلمہ کے نام)
اے اللہ! ہمیں خدمتِ خلق کی توفیق اور جو قربانی کا فریضہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہیں اپنے لا محدود خزانے سے بے شمار رزق دے۔کُل اُمّتِ مسلمہ کو عید مبارک۔ (مطیبہ فرید،امتہ مبین،فائزہ، مناہل اور آمنہ،پاک پتن کا پیغام)
(پیارے بکرے کے لیے)
سب کی آنکھوں کا ہے تارا بکرا
کتنا پیارا ہے ہمارا بکرا (نفیسہ اور زرینہ قریشی، حیدرآباد سے)
(پیارے ابّو جی، محمّد ابرہیم(مرحوم) کی نذر)
ان کے ہونے سے بخت ہوتے ہیں
باپ گھر کے درخت ہوتے ہیں
ابّو جی! جب سے آپ ہم سے جدا ہوئے ہیں،ہر عید کے موقعے پربے حد یاد آتے ہیں۔اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے۔ (عباس علی عباس قریشی کی جانب سے)
(پیارے بھائی جان، محمّد احسن کےنام )
تحفہ دُعاؤں کا تمہیں پہنچے میرا
سدا رہے تمہارے گرد خوشیوں کا گھیرا
مسرتیں عید کی تمہیں مبارک ہوں
تمہاری زیست میں نہ آئے کبھی غموں کا پھیرا (دُعا فاطمہ کی جانب سے)
(سَکھی سہیلیوں اور اہلِ خانہ کے لیے)
میری پیاری سہیلیو! ماہ رُخ، ہادیہ، عائشہ، عدینہ، رحمین، حمنہ، معروش، صالحہ، نائمہ، عابدہ، اسماء، شمائلہ، بھائی احمد، آپی سنعیہ اور آمنہ! آپ سب کو میری جانب سے عیدِ قربان مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ ہم سب کا ساتھ سلامت رہے۔ (اریبہ منظور، ظفروال، ضلع نارووال کی مبارک باد)
(اہلِ خانہ کے نام)
میری طرف سے آپ سب کو عید الاضحی مبارک ہو ۔ دُعا ہے کہ ہم سب شاد و آباد رہیں۔ (خدیجہ سعید، رسال پور کینٹ سے)
(پیاری سہیلی، آمنہ کی نذر)
دِل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی مبارک ہو۔
دُعا کرو کہ یہ پودا سدا ہرا ہی لگے
اُداسیوں میں بھی چہرہ کِھلا کِھلا ہی لگے (فہیم مقصود، والٹن روڈ، لاہور، کینٹ کی دُعا)
(جان سے عزیز فیملی کے لیے)
میری جانب سے آپ سب کو عیدالاضحی کے پُرمسرت موقعے پر ڈھیروں ڈھیر مبارک باد قبول ہو۔ (حفصہ اسلم،فیصل آباد سے)
( ابّا جان کے نام)
ابّا جان آپ کی عظمت کو لاکھوں کو سلام، ہیپی عید الاضحی ۔ (دلاور علی جونی کی طرف سے)
(اہلِ وطن ، اپنے لختِ جگر سمیت تمام فوجی جوانوں کے لیے)
صدقِ خلیلؑ بھی ہے عشق، صبر حُسینؓ بھی ہے عشق
معرکۂ وجُود میں بدر و حُنَین بھی ہے عشق (لیاقت مظہر باقری، گلشنِ اقبال ، کراچی سے )
(پیارےپاپا اکبر اور امّی رضیہ کے نام)
ہماری طرف سے آپ دونوں کو عیدالاضحی مبارک ہو ۔ اس موقعے پر دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کا سایۂ شفقت ہمارے سَروں پر سلامت رکھے ۔جگ جگ جیئں۔ (صبا مہرین، کامران، محسن، وقار اور مقدس کائنات کی جانب سے)
(والدین (مرحومین)کےلیے)
ہر عید پر آپ دونوں بہت یاد آتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ دونوں کے درجات بُلند فرمائے۔ (بتول آرائیں، سکھر کی جانب سے)
(متاعِ جاں والدہ، سعیدہ خان کے نام)
امّی جان! آپ کو ہم سب کی جانب سے عید الاضحی مبارک ہو۔ آپ کی اَن مول اور پُرخلوص محبّت و شفقت نے زندگی کی تلخیوں کو سُکون اور فرحت بخش مٹھاس میں تبدیل کر رکھا ہے۔ (زاہد احمد خان، کامران احمد خان، سمیرا خان اور شازمہ خان، مرشد ٹاؤن، کھّنہ کاک، راول پنڈی سے)
(اہلِ وطن کی نذر)
عید قرباں سے مقدّس نہیں کوئی تقریب
اس طرح بھولا سبق یاد دلایا گیا ہے (عبدالمعید پاشا، محلّہ رسول پورہ، گلی کھال والی،شیخوپورہ سے)
(ابّو جان کے لیے)
ابّو جان! جس طرح آپ ہمیں معمولی سی بھی تکلیف پہنچنے پر بے چین ہوجایا کرتے ہیں، ایسے ہی ہم آپ کے علیل ہونے پر بےحد پریشان ہیں اوردُعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے اورا ٓپ کا سایا ہمارے سَروں پر سدا سلامت رہے۔ (فوزیہ ناہید سیال اور دیگر، لاہور سے)
(جنگ، سنڈے میگزین کی ایڈیٹر، ٹیم، قارئین اور دوستوں کے نام)
میری جانب سے جنگ، سنڈے میگزین کی ایڈیٹر، ٹیم،قارئین، دوستوں اور تمام پُرخلوص لوگوں کو عیدالاضحی مبارک ہو۔ (وقاص علی قریشی، حیدرآباد سے)
(اہلِ اسلام کے لیے)
ہماری طرف سے آپ سب کو عیدالاضحی مبارک ہو ۔ (فرید اقبال انجم، محمّد مسعود علی اور محمّد فصیح،پاک پتن سے)
(اہلِ وطن کی نذر)
عید کی ہر بہار دیکھو تم
عیشِ لیل و نہار دیکھو تم
ایک اس عید پر ہے کیا موقوف؟
ایسی عیدیں ہزار دیکھو تم (ماہ نور عادل، اسلام آباد سے)
(سابق میٹرو پولیٹین کمشنر، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمان کے لیے)
میری جانب سے آپ کو عیدالاضحی مبارک ہو۔ آپ نے کڈنی ہل پارک، کراچی میں ایک منظّم پالیسی کے تحت 2019ء میں ترقّیاتی کام کا آغاز کروایا اور اب یہاں مختلف اقسام کے درخت آکسیجن ٹینک کا کام کررہے ہیں۔آپ کی کاوشوں کو سلام۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّو، ضلع میرپور خاص سے)
(والد(مرحوم)کے نام)
ابّو جان! جب مَیں آپ کے دستِ شفقت سے محروم ہوا تو میری عُمرقریباً10 برس تھی اور اب مَیں 80 سال کا ہو چُکا ہوں،مگرمَیں شاید ہی کبھی آپ کی یاد سے غافل رہا ہوں۔جب آپ کی آخری آرام گاہ جاتا ہوں، تو آنسو رُکتے ہی نہیں۔آپ بہت یاد آتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بُلند فرمائے آپ کی لحد کشادہ ہو اور سدا پھولوں سے مہکتی رہے۔ (سیّد شاہ عالم زمرد اکبر آبادی، راول پنڈی سے)
(اپنے پیاروں کے لیے )
بہن، بھائیوں اور تمام دوستوں کوعید الاضحی مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں عید کی حقیقی اور بے پایاں مسّرتوں، خوشیوں سے نوازے۔ (دِلدار گلزار، محلّہ راجہ سلطان، راول پنڈی کی مبارک باد)
(والدین کے نام)
ہماری جانب سے پیارے اور قابلِ فخر والدین کو دِل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید الاضحیٰ مبارک ہو۔ آپ دونوں ہماری محبّتوں کا مرکز اور خوشیوں کا سرچشمہ ہیں۔سدا جیئں، شاد و آباد رہیں۔ وی لَو یو۔ (ایمان کامران اور عبد الرحمٰن ، مرشد ٹاؤن، کھّنہ کاک، راول پنڈی سے)
(اپنے پیاروں کے لیے)
گزشتہ آٹھ برس سے عید کی مبارک باد کا تبادلہ صرف فون کالز تک محدود ہے کہ یہاںنہ والدین ہیں، نہ بچپن کی طرح یار دوست میسّر ہیں۔بڑے بھائی بھی عید کے دِنوں میں عموماً آفس ہی ہوتے ہیں۔ کئی برس سے صرف مَیں اور بھائی انور عباس ہی مل کر عید منا رہے ہیں، مگرامسال وہ بھی آبائی گھر چلے گئے۔سو، میری جانب سے والدین اور تمام دوستوں کو جنگ، سنڈے میگزین ہی کے توسّط سے عید کی مبارک باد قبول ہو۔ (نصرت عباس داسو ، شکرکشل (دسیگوداس )، ضلع نگر سے )
(میرے پیارے پاپا کے نام)
پاپا جان! آپ کی اچھی تعلیم و تربیت اور بَھرپور توجّہ ہی کی وجہ سے آج مَیں ڈاکٹر بن سکی ہوں۔ پاپا! مجھے وہ دِن اچھی طرح یاد ہیں، جب مَیں اسکول کا بستہ لے کر گھر سے نکل کھڑی ہوتی اور آپ میری انگلی پکڑ کر واپس لاتے تھے۔ یہاں تک کہ آپ نے میرا اسکول میں داخلہ ہی کروادیا۔ آپ کا بہت شکریہ!آپ نے بیٹی کو بوجھ نہیں، اللہ کی رحمت سمجھا اور دین و دُنیا کی تعلیم سے آراستہ کیا۔ پاپا! میرے لیے دُعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایف سی پی ایس (پارٹ ٹو) میں امتیازی نمبروں سے کام یاب کرے، تاکہ مَیں مُلک و قوم کی بہتر خدمت کرسکوں۔ ہیپی عید الاضحی۔ (ڈاکٹر قراۃ العین، لکھنٔو سوسائٹی،کورنگی، کراچی سے)
(عزیز بھائیوں کے لیے)
میرے پیارے بھائیو! اس عید پر صرف جانور ہی قربان مت کرنا، بلکہ ان کے ساتھ ساتھ اپنی انا، غرور، تکّبر، اور ساری بدگمانیاں بھی قربان کر دینا، تاکہ ہمارا رشتہ پہلے سے بھی زیادہ گہرا اور محبّت بَھرا ہوسکے۔ ہیپی عید الاضحی۔ (ابن شبّیر، چنی گوٹھ کا سبق آموز پیغام)
(اپنے موٹو بکرے کے نام)
جو سچ پوچھو تو اس رُخ سے وہ ہم لوگوں سے بہتر ہے
کہ اپنے خالق و مالک پہ خود قربان ہے بکرا
حقیقت میں وہی بکرا ہے اچھا، دیکھ کر جس کو
قسائی کہہ اُٹھے فربہ ہے، عالی شان ہے بکرا (کنور عبدالماجد خان ،لاہور سے)
( میرےاپنوں کے نام)
دُعا ہے آپ دیکھیں زندگی میں بے شمار عیدیں
خوشی سے رقص کرتی، مُسکراتی، پُر بہار عیدیں (محمّد اکبر شاد ،نادر آباد، لاہور کینٹ سے)