• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا ججوں کی تعیناتی نہ ہونے پر اظہارِ تشویش

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے ایکس کیڈر کورٹس میں ججوں کی تعیناتی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججوں کی عدم دستیابی سے زیرِ التواء مقدمات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ صوبائی حکومت عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ججوں کی تعیناتیوں کے لئے فوری اقدامات کرے تاکہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ صوبائی حکومت پنجاب کی ایکس کیڈر کورٹس کے لئے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے بھیجی گئی نامزدگیوں کو آئندہ دس روز میں منظور کرے بصورت دیگر یہ نامزدگیاں مسترد تصور کی جائیں گی۔ چیف جسٹس نے یہ احکامات پنجاب کے اعلیٰ افسران سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس ملک شہزاد احمد بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس سے ملاقات کرنے والوں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری، سیکرٹری سروسز صائمہ سعید، سیکرٹری قانون بہادر علی خان شامل تھے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک‘ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیومن ریسورس (ڈسٹرکٹ جوڈیشری) چوہدری عبدالرشید عابد اور چیف جسٹس کے پرنسپل سٹاف افسر محمد یار ولانہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے متذکرہ نامزدگیوں کو سنجیدہ نہیں لیا جارہا اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے کی ایکس کیڈر کورٹس کیلئے نامزدگیاں نہیں بھیجی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پنجاب کی 7 عدالتیں طویل عرصے سے خالی ہیں۔
تازہ ترین