پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) قطعی طور پر پی ڈی ایم کو چھوڑچکی ہے، پی پی پی سے اتنا عرصہ انتظار کے باوجود کوئی اشارہ نہیں آیا، نظم و ضبط کے بغیر کوئی پارٹی چلتی ہے نہ تحریک۔
مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے جوبن پر ہے، سوات میں کے پی کے کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا ہے، یومِ آزادی کی رات کراچی میں بہت بڑا جلسہ کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہاں پر کبھی بھی الیکشن آزادانہ نہیں ہوئے، کشمیر میں الیکٹ ایبلز کو زبردستی پی ٹی آئی میں شامل کروایا جارہا ہے۔
بلاول کے امریکا جانے سے متعلق صحافی کے سوال پر مولانا نے کہا کہ انہوں (بلاول) نے مجھ سے مشورہ نہیں کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومتی نااہلی سے پاک چین تعلقات گلے شکوے تک پہنچ گئے ہیں، امریکا کیساتھ دوستی کا معیار سی پیک کا خاتمہ ہے۔
سر براہ پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت کے ایجنڈے میں چین کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہے، حکومت کے ایجنڈے میں سی پیک ناکام بنانا، اسرائیل کو تسلیم کرنا ہے۔