• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے نئے کاروبار میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے قابل لوگوں کی تلاش مشکل ہوسکتی ہے اور آپ صرف بہترین کے خواہاں ہوتے ہیں۔ یہ یقیناً ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ کسی بھی کام کو کرنے کے لیے اگر درست شخص کا انتخاب ہوجائے تو کاروبار کو اس کا فائدہ ہوتا ہے۔ مختلف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اس حوالے سے کچھ مشورے دیتے ہیں کیونکہ وہ ملازمت کے لیے ان گنت امیدواروں کے انٹرویوز کرنے کے باعث مختلف طریقے سیکھ چکے ہوتے ہیں کہ امیدواروں کو کیسے جانچا جائے اور وہ ٹیم کے ساتھ کس طرح کام کریں گے۔

زیادہ تخلیقی اور مؤثر امیدوار کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ان حکمت عملیوں کو جانیں جو بہتر امیدوار کی تلاش میں مدد کریں۔

عام انٹرویو سے گریز کریں

ملازمت کے لیے ایک عام انٹرویو میں پوچھے جانے والے معمول کے سوالات عموماً ہر انٹرویو میں کیے جاتے ہیں جیسے کہ آپ اگلے 5سال میں خود کو کہاں دیکھنا چاہتے ہیں؟آپ اپنی سب سے بڑی ناکامی کیا سمجھتے ہیں؟ آپ کی قوتیں (Strengths)اور کمزوریاں (Weaknesses)کیا ہیں؟ اس سب کی جگہ کچھ مختلف قسم (creative)سوالات کریں تاکہ آپ امیدوار کی سوچ جان سکیں۔ ساتھ ہی امیدوارکو کسی ایسی چیلنجنگ صورتحال میں ڈالیں جس سے اس کا اصل سامنے آسکے۔ اس کے علاوہ عام چیزوں پر بات کریں، ہوسکتا ہے کہ امیدوار اور آپ میں کچھ مشترک ہو، جیسے یونیوسٹی یا کسی سابقہ کمپنی میں جان پہچان۔ اس طرح امیدوار بہتر محسوس کرتا ہے اور آپ اس کے متعلق زیادہ جان سکتے ہیں۔

ملازمت کے امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے دو کلیدی خصوصیات دیکھنا ضروری ہیں۔

1- کیا وہ شخص کمپنی کے لیے کام کرنے میں حقیقی دلچسپی رکھتا ہے؟

2- کیا وہ لوگوں کے عہدوں سے قطع نظر ہر ایک کے ساتھ برابر کا سلوک کرتا ہے؟

اس مقصد کے لیے آپ انہیں آفس یا کانفرنس روم سے باہر لے جاسکتے ہیں تاکہ آپ یہ اندازہ کرسکیں کہ وہ دوسروں کے ساتھ کس طرح بات چیت کرتا/کرتی ہے۔ یہ دیکھیں کہ کیا وہ لوگوں سے عزت و احترام سے مل رہا ہے؟کیا وہ ان کے کام کے متعلق جاننے میں دلچسپی رکھتا ہے اوراس بارے میں سوال پوچھتا ہے یا چیزیں کیسے کام کرتی ہیں؟ کیا وہ متجسس نظر آرہا ہے؟ کیا وہ ہر ایک سے ملتے ہیں جس سے ان کا احترام کرتے ہیں ، اور ان کے کاموں میں دلچسپی ظاہر کرتے ہیں؟ یوں آپ کو امیدوار کی شخصیت کا بہتر اندازہ ہوسکے گا۔

غیر معمولی سوالات کریں

چونکہ ذہین امیدوار انٹرویو کے دوران پوچھے جانے والے معمول کے سوالات کی تیاری کرکے آتے ہیں اور کسی بھی منفی بات کو مثبت میں بدلنے کے لیے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہیں کیونکہ انھیں اندیشہ ہوتا ہے کہ کسی بھی کمزوری کا اعتراف ان کے خلاف جائے گا۔ تاہم، امیدوار کی جانب سے اپنائی جانے والی یہ حکمت عملی عام طور پر چیف ایگزیکٹوز کے سامنے اچھا تاثر قائم نہیں کرتی اور ان کی نظر میں امیدوار کم ایماندار اور کم قابل اعتماد معلوم ہوتا ہے۔ 

اسی وجہ سے کئی چیف ایگزیکٹوز معمول کے سوالات سے ہٹ کر خود سے ترتیب دیے گئے سوالات پوچھتے ہیں تاکہ امیدوار کے بارے میں درست طریقے سے جان سکیں۔ان سے کچھ غیر معمولی سوالات پوچھے جاسکتے ہیں جیسے کہ آپ کی قدرتی طور پر کس چیز میں مہارت رکھتے ہیں؟ آپ اپنے والدین کی کن خصوصیات کو پسند کرتے ہیں؟ لوگوں کی آپ کے بارے میں سب سے غلط رائے کیا قائم ہے؟

امیدوار کے متعلق دوسروں سے جانیں 

اگرچہ آپ کو لگتا ہے کہ آپ کسی بھی شخص کو بہتر طور پر پَرکھ سکتے ہیں مگر پھر بھی دوسروں کی اس کے بارے میں رائے ضرور حاصل کریں۔ اس کے لیے آپ دفتر میں کام کرنے والوں کی امیدوار سے ملاقات کروائیں اور پھر اُن سے جانیں کہ وہ امیدوار کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا بالخصوص لنکڈاِن کے ذریعے آپ کو کچھ ایسے افراد مل سکتے ہیں جنہیں آپ یا آپ کے ساتھی جانتے ہوںاور انہوں نے امیدوار کے ساتھ کام کررکھا ہو۔

لنکڈاِن امیدوار کی پیشہ ورانہ معلومات حاصل کرنے کا ایک مددگار ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ امیدوار کے فراہم کردہ ریفرنسز کے علاوہ اضافی ریفرنسز ہمیشہ دیکھیں۔ ان سے امیدوار کی طاقت اور کمزوریوں کا پوچھیں، جانیں کہ وہ دباؤ میں کیسے کام کرتا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ کس طرح کا برتاؤ کرتا ہے اور کوئی بھی ایسی چیز جو آپ کی کمپنی کے لیے معنی رکھتی ہو۔

متنوع ٹیم

بہت ساری وجوہات کی بنا پر کام میں تنوع (diversity) کی اہمیت ہے۔ یہ جدت، مسئلے کو حل کرنے اور تخلیقی صلاحیتوں کے لیے مختلف نقطہ نظر فراہم کرتا ہے۔ ایک متنوع ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کے لیے ہر قسم کا تعصب ختم کرنا ہوگا اور ہر مرحلے پر اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی مرحلے پر امیدوار کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔

ایک بار جب آپ مذکورہ بالا تجاویز پر عمل کرتے ہوئے انٹرویو کا عمل پورا کرلیں تو آپ کو امیدوار کے بارے میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ بعض اوقات امیدوار کے بارے میں چیف ایگزیکٹوز خدشات کا شکار ہوتے ہیں، تاہم اگر امیدوار آپ کے معیار پر پورا اترے تو اسے ملازمت کی پیشکش کردیں۔

تازہ ترین