• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان نے پاکستانی سرحد اسپن بولدک پر پرچم لہرادیا، حملہ پسپا کردیا،افغان حکومت، سرحد سیل کردی،پاکستان

کراچی (نیوز ڈیسک) افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ا سپین بولدک میں واقع پاکستانی سرحد سے متصل اہم بارڈر کراسنگ پر قبضہ کر لیا ہے، کابل حکومت نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ا سپین بولدک پر طالبان کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے، تاہم خبر رساں اداروں نے پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اس علاقے میں طالبان کا سفید پرچم لہرادیا گیا ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے کہ طالبان نے واقعی اسٹریٹیجک حوالے سے اس اہم علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، طالبان کی جانب سے باب دوستی گیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پاکستان نے افغان سرحد سیل کردی، ٹی وی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے سرحد پر سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاکہ مجاہدین نے قندھار میں واقع اہم سرحدی گاؤں ویش پر قبضہ کر لیا ہے، اس میں مزید کہا گیا کہ اس پیشرفت کے نتیجے میں یہ اہم علاقہ طالبان کے کنٹرول میں آ گیا ہے، پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ طالبان نے اس اہم سرحدی گزرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے، نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر ایک سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ طالبان نے چمن۔ اسپین بولدک سرحدی گزر گاہ کا افغان علاقہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور انہوں نے وہاں سے افغان پرچم ہٹا کر اپنا سفید پرچم لہرا دیا ہے، تاہم افغان وزارت دفاع نے ابتدائی طور پر کہا کہ طالبان کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے کیے جانے والے دعوؤں کی تصدیق کی کوشش کی جا رہی ہے۔ طالبان نے افغانستان شہر اسپین بولدک بارڈر پر بھی قبضہ کرلیا ہے، اور بارڈر اور شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، گزشتہ رات طالبان نے افغانستان کے سرحدی شہر بولدک ویش بارڈر پر حملہ کیا تھا، طالبان کے حملے کے بعد بولدک شہر سمیت دیہاتوں، سرحدی چوکیوں اور افغان امیگریشن پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ افغان فورسز کے پیچھے ہٹنے کے بعد درجنوں طالبان پاک افغان سرحد کے گیٹ باب دوستی پر پہنچے اور مرکزی دروازے پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جس میں وہ سرحدی گیٹ سے ملحقہ علاقے میں گشت کرتے ہوئے اور چوکیوں پر پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔دریں اثناء طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقامی تاجروں کو اپنا کاروبار جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔

تازہ ترین